مخصوص کاروباری اداروں کو ٹیکسوں میں رعایت ملنے سے غیر متوازن کاروباری ماحول پیدا ہو گا ، ملک طاہر جاوید

منگل 12 جنوری 2016 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) ویب کوپ پنجاب کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے انکم ٹیکس سیلز ٹیکس اور کسٹم ڈیوٹی میں رعائتوں اور استثنا کے ایس آر اوز ختم کرنے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے مجوزہ اقدام کو قابل ستائش قرار دیا ہے یہاں منگل کے روز جاری کردہ اپنے بیان میں ملک طاہرجاویدنے کہا ہے کہ مخصوص کاروباری اداروں کو ٹیکسوں میں رعایت ملنے سے غیر متوازن کاروباری ماحول پیدا ہوتا ہے ․ لا محالہ جن اداروں کو سہولتیں مل جاتی ہیں وہ پیداواری لاگت اور مصنوعات کی قیمتوں کے تعین میں دوسروں کی نسبت سہولت میں رہتے ہیں تاہم ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ آئیندہ بجٹ میں امتیازی ماحول کو جنم دینے والے ایس آر اوز کے خاتمہ سے کاروبار میں نا ہمواریت ختم اور تمام کاروباری اداروں کو ترقی کرنے اور آ گے بڑھنے کے لیے یکساں مواقع میسر ہوں گے ․ انہوں نے کہا ہے استثنائی ایس آر اوز ختم ہونے سے رشوت اور سفارش کے امکانات کی جڑ کٹ جائے گی ․ کاروباری اداروں کو مقابلہ کے لیے صحت مند صاف ستھرا ماحول ملے گا ․ صرف قابلیت اہلیت اور میرٹ کی بنیاد پر آگے بڑھا جا سکے گا ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ ایف بی آر کے موجودہ اقدامات سے کاروباری ماحول میں شفافیت اور ملکی برآمدات پر نہایت خوشگوار اثرات مرتب ہوں گے ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ کاروباری اداروں میں مقابلے کا صحت مند ماحول پیدا کرنے میں وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کی سوچ فکر کا بڑا دخل ہے جنہوں نے چیئرمین ایف بی آر کی سربراہی میں ایک اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے کر ایس آر اوز کے خاتمہ کے لیے پیش رفت کی ․ملک طاہر جاوید نے کہا ہے کہ ٹیکس پیریڈ 2015 - 2018 کے لیے ٹیکس گوشوارہ صرف ایک صفحہ کا بنا کر تاجروں کا دیرینہ مطالبہ تسلیم کر لیا ہے جس سے تاجروں کو گوشوارہ پر کرنے میں سہولت رہے گی ․ انہوں نے کہا ہے کہ مشکل اور طویل گوشوارہ کی موجودگی میں تاجروں کو کافی دشواریاں پیش آ رہی تھیں ․ مختصر گوشوار ہ سے تاجر رضا و رغبت سے ٹیکس دیں گے ․ ملک طاہر جاوید نے کہا ہے ایف بی آر کے بزنس دوست طرز فکر و عمل سے یقینی طور پر کاروباری ماحول میں بہتری آئے گی ۔