کوئٹہ :سیٹلائٹ ٹائون میں دھماکہ ، 14 افراد شہید

بدھ 13 جنوری 2016 11:10

کوئٹہ :سیٹلائٹ ٹائون میں دھماکہ ، 14 افراد شہید

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13جنوری2016ء) کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹائون کے قریب دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں چودہ افراد شہید ہوگئے ، دھماکہ انسداد پولیو سنٹر کے قریب ہوا جس کی زد میں آکر ادارے کے سکیورٹی اہلکار سمیت 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ سکیورٹی اہلکاروں نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا ، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ۔

بم ڈسپوزل سکواڈ نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دئیے ۔

(جاری ہے)

دھماکے کے نتیجے میں ایک درجن افراد زخمی بھی ہوئے جن کو مقامی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے ۔ دھماکے کے وقت 15 سے 20 پولیس اہلکار ڈیوٹی پر موجود تھے ، دھماکہ اتنی شدید نوعیت کا تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور جائے حادثہ پر کھڑی ہوئی گاڑیوں کو بھی شدید نقصان ہوا ۔ بتایا گیا ہے سکیورٹی اہلکاروں نے پولیو ٹیموں کے ساتھ مختلف علاقوں میں ڈیوٹی پر جانا تھا اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے تھے ۔ سکیورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ دھماکہ خودکش ہونے کے امکانات موجود ہیں مگر اس حوالے سے مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جا سکے گا ۔