یاسر عرفات 400 لسٹ اے وکٹیں مکمل کرنیوالے پاکستان کے 7ویں باؤلر بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 13 جنوری 2016 15:31

یاسر عرفات 400 لسٹ اے وکٹیں مکمل کرنیوالے پاکستان کے 7ویں باؤلر بن گئے

لاہور(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار13جنوری- 2016ء) تجربہ کار آل راؤنڈر یاسر عرفات لسٹ اے کرکٹ میں 400وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستان کے 7ویں باؤلر بن گئے ۔ 33سالہ یاسر عرفات نے قومی ون ڈے کپ میں راولپنڈی کی نمائندگی کرتے ہوئے خان ریسرچ لیبارٹری کے امام الحق کو آؤٹ کرکے لسٹ اے کرکٹ میں اپنی 400وکٹیں مکمل کیں،انہوں نے میچ مزید 1وکٹ حاصل کرکے اپنی لسٹ اے وکٹوں کی تعداد 401کرلی ۔

(جاری ہے)

یاسرنے اب تک 252لسٹ اے میچز میں 22.74کی اوسط سے 401وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں جس میں 15مرتبہ اننگز میں 4وکٹیں اور 8مرتبہ اننگز میں 5یا اس سے زائد شکار شامل ہیں ، لسٹ اے کرکٹ میں ان کی اب تک کی بہترین باؤلنگ پرفارمنس 24رنز دے کر 6وکٹیں لینا رہی ہے۔یاسر عرفات سے قبل یہ اعزا ز اپنے نام کر نے والے 6میں 4کھلاڑی حیران کن طور پر قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سر انجام دے چکے ہیں ، ان میں وسیم اکرم (881)، وقار یونس (674)، شاہد آفریدی (509)، عمران خان (507)، ثقلین مشتا ق (478) اور مشتاق احمد (461 ) شامل ہیں ۔