حکومت فی الفور زیر التوا ء چائلڈ رائٹس بل منظور کرے‘ چائلڈ رائٹس موومنٹ پنجاب

وزیر اعلیٰ پنجاب بچوں کے حقوق کی قانون سازی کے حوالے سے ہمدردانہ اور موثر کردار ادا کریں‘ ترجمان تنویر جہاں

بدھ 13 جنوری 2016 17:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13 جنوری۔2016ء) چائلڈ رائٹس موومنٹ پنجاب کی ترجمان تنویر جہاں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فی الفور زیر التوا ء چائلڈ رائٹس بل منظور کرے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے بچوں کے حقوق کی قانون سازی کے حوالے سے ہمدردانہ اور موثر کردار ادا کرنے کا بھی مطالبہ کیا ۔ان زیر التوا قوانین میں سکولوں میں جسمانی سزا کا بل،نوعمر اور بچوں کے لئے بورسٹل ترمیمی بل اور بچوں سے مزدوری کی ممانعت جیسے بل شامل ہیں۔

واضح رہے کہ چائلڈ رائٹس موومنٹ چالیس کے قریب سول سوسائٹی تنظیموں کا ایک اتحاد ہے جو بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے۔ترجمان سی آر ایم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بچوں کے حقوق کے حوالے سے قانون سازی کبھی بھی قانون ساز اسمبلیوں کے نمائندوں کی ترجیح نہیں رہی۔

(جاری ہے)

بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہر حکومت سول سوسائٹی اور عالمی سطح پر وعدے تو کرتی رہی ،مگر بدقسمتی سے ان پر کبھی بھی سنجیدگی سے توجہ نہیں دی گئی، انہوں نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے قوانین پر عمل درآمد اور منظوری میں سستی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ،وزیر اعلیٰ سے فوری طور پر زیر التوا قوانین کا جائزہ لے کر مناسب احکامات جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

سی آرایم پنجاب کا ایک دیرینہ مطالبہ یہ بھی ہے کہ صوبہ میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے ایک صوبائی کمیشن کا قیام عمل میں لا یا جائے۔سی آرایم پنجاب نے وزیر اعلی ٰ کی طرف سے بچوں کے حقوق کی صورت حال بہتر بنانے کے لئے قائم کی گئی خصوصی کمیٹی کا خیر مقدم کیا،اور امید ظاہر کی کہ یہ کمیٹی بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے موثر سفارشات مرتب کر کے جلد پیش کرے گی۔

متعلقہ عنوان :