کوئٹہ خودکش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر جماعت اسلامی پنجاب کا اظہار افسوس

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکاکوئٹہ خودکش دھماکہ پرشدیدردعمل

بدھ 13 جنوری 2016 18:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کوئٹہ میں پولیس وین پرخودکش دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہارکرتے ہوئے اسے ملک دشمنوں کی کاروائی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ رواں ماہ کے دوران تین دہشت گردی کے واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 17اہلکاروں کی شہادت ہوچکی ہے۔

ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بلوچستان کے حالات خراب کئے جارہے ہیں۔حکومت دھماکے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی وطبی امداد کرے اور اس دہشت گردی کی کاروائی میں ملوث عناصر کوگرفتار کرکے جلدانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔پاکستان کے خفیہ ادارے بارہا اس بات کاانکشاف کرچکے ہیں کہ بھارت ’’را‘‘کے ذریعے بلوچستان کے حالات خراب کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بلوچستان معدنیات کے لحاظ سے مالامال خطہ ہے۔گوادر کی اہمیت، افادیت اور فعالیت دشمنوں کی نظروں میں کھٹکتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہندوستان کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کوناکام بنانے کے لئے ہرممکن کوششیں کی جارہی ہیں۔حالیہ خود کش دھماکہ بھی اسی کڑی کاشاخسانہ معلوم ہوتاہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے میڈیارپورٹس کے مطابق بلوچستان سے متصل افغان علاقوں میں ہندوستان30سے40ہزار دہشت گردوں کی تربیت کرکے پاکستان بھجوارہا ہے۔

ماضی میں بھی بھارت نے ایسی ہی گھناؤنی حرکتوں کے ذریعے بنگلہ دیش کوپاکستان سے جداکیاتھا۔میاں مقصوداحمدنے مزیدکہاکہ اس وقت ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ناراض بلوچوں کومیزپرلائے اور ان کے جائز تحفظات کودورکیاجائے۔حکومت بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی اور عوام کی تعلیم وتربیت پرخصوصی توجہ دے۔پاکستان کی ترقی بلوچستان سے لازم ملزوم ہے۔وفاقی حکومت کے’’آغاز حقوق بلوچستان پیکیج‘‘پرپوری طرح عملدرآمدہوناچاہئے۔وفاق کے زیراہتمام11وزارتوں میں حقوق بلوچستان کی 50فیصد سے زائد آسامیاں تاحال خالی پڑی ہیں۔