قومی والی بال ٹیم سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریگی، سیکرٹری شاہد کمال

جمعرات 14 جنوری 2016 13:58

قومی والی بال ٹیم سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریگی، سیکرٹری ..

اسلام آباد ۔ 14 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔14 جنوری۔2016ء) پاکستان والی بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شاہد کمال نے کہا ہے کہ قومی والی بال ٹیم سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور سیف گیمز 6 فروری سے بھارت میں شروع ہونگے۔ اے پی پی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیف گیمز کی تیاری کے سلسلہ میں قومی مردوں اور خواتین کی ٹیموں کے تربیتی کیمپ جاری ہیں جس میں کھلاڑی بھر پور محنت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیف گیمز میں سات ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے پاکستان کو گروپ بی میں افغانستان، بنگلہ دیش اور مالدیپ کے ساتھ رکھا گیا جبکہ گروپ اے میں دفاعی چیمپئن بھارت، سری لنکا اور نیپال کی ٹیمیں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے گروپ سے باآسانی کوالیفائی کر لے گا لیکن بنگلہ دیس کی ٹیم کے ساتھ سخت مقابلہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 2010ء میں بنگلہ دیش میں کھیلے گئے سیف گیمز میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہوا جس میں پاکستان نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا اور اس بار ہم فائنل جیتنے کی تیاری کر رہے ہیں اور امید ہے کہ قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ شاہد کمال نے کہا کہ قومی ٹیم کے مر د کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ اسلام آباد جبکہ خواتین کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں شروع ہے، مردوں کے تربیتی کیمپ میں 21 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جن میں نصیر احمد، امل خان، محب رسول، محمد ادریس، فاروق حیدر، عمران سلطان، منیر خان، بن یامین، علی عباس، شیراز خان، مراد جہان، ظفر اقبال، شجاع عباس، آصف ندیم، محمد عثمان، مبشر رضا، ناصر علی، کاشف نوید، محمد وقار، محمد شعیب خان، فہد خان اور محمد عمران شامل ہیں، کوچز کے فرائض مظہر حسین، ظہیر عباس، خالد وقار، اظہر محمود اور محمد زمان انجام دے رہے ہیں اور فائنل ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان ایک، دو روز میں کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کر رہا ہے اور کھلاڑی اس سے مطمن ہیں۔