پی پی 78 کے نتائج کالعدم قرار، رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ غیر قانونی اثاثے بنانے اور حقائق چھپانے پر نااہل قرار

جمعرات 14 جنوری 2016 16:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) الیکشن ٹربیونل لاہور نے پی پی 78 کے نتائج کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ( ن) کی رکن صوبائی اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ کو غیر قانونی اثاثے بنانے اور حقائق چھپانے پر نااہل قرار دے دیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق راشدہ یعقوب پی پی 78 جھنگ سے مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر کامیاب ہوئی تھیں جن کی کامیابی کو مخالف امیدواران نے الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کررکھا تھا۔

جمعرات کو الیکشن ٹربیونل نے رکن صوبائی اسمبلی کو نااہل قراردیتے ہوئے الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے پی پی 78 میں دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیاہے ۔ الیکشن ٹربیونل کی جانب سے راشدہ یعقوب کو کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے پر نااہل قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن ٹربیونل کے جج نے ریمارکس دیئے کہ راشدہ یعقوب کے خلاف ناجائز اثاثے بنانے کا الزام بھی ثابت ہو گیا ہے۔