بہتر ذرائع مواصلات ملکی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ‘ملک تنویر اسلم اعوان

جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور معیار میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘صوبائی وزیر ہاؤسنگ

جمعرات 14 جنوری 2016 16:47

لاہو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء )بہتر ذرائع مواصلات ملکی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور ان کی اسی اہمیت کے پیش نظر حکومت پنجاب نے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے کثیر فنڈز مختص کئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ،مواصلات وتعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے پنجاب ہائی وے سرکل کی سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سیکرٹری مواصلات وتعمیرات محمد مشتاق اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت پنجاب 107181 ملین روپے کی لاگت سے پنجاب ہائی وے سرکل نارتھ زون کل293منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں میں 209 جاری جبکہ 84 نئے منصوبے شامل ہیں۔اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ نئے منصوبوں میں پنجاب ہائی وے سرکل لاہور ڈویژن کے 8 ،گوجرانوالہ 31 ،راولپنڈی26 ،سرگودھا11 اور ساہیوال سرکل کے 8 منصوبے شامل ہیں۔

ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا کہ منصوبوں کے فنڈز اور پی سی ون کی منظوری کے لئے بروقت کام شروع کیا جائے تاکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری اور نئے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور معیار میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو بہترین ذرائع مواصلات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف سفر کا دورانیہ کم ہو گا بلکہ ایندھن کی بھی بچت ہو گی۔