حکومت فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا کو انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دینے کے ساتھ تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے‘لاہور چیمبر

جمعرات 14 جنوری 2016 16:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے پنجاب حکومت پر زور دیا ہے کہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا کو انڈسٹریل اسٹیٹ کا درجہ دے اور وہاں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔ یہ مطالبہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے فیروز پور روڈ انڈسٹری ایسوسی ایشن فرایا کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی عدنان خالد بٹ کررہے تھے۔

وفد نے لاہور چیمبر کے صدر کو آگاہ کیا کہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں پانچ سو سے زائد انڈسٹریل یونٹس واقع ہیں جن سے لاکھوں لوگوں کا روزگار بالواسطہ یا بلاواسطہ منسلک ہے مگر اس صنعتی علاقے کو بہت سے مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرانے میں لاہور چیمبر اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ محمد ارشد نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تاجروں کو درپیش مسائل سے اچھی طرح آگاہ ہے اور انہیں حل کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فیروز پور روڈ انڈسٹریل ایریا میں برآمدات سے وابستہ اہم صنعتیں واقع ہیں، انجماد کی شکار برآمدات کو فروغ دینے کے لیے حکومت ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سٹیٹ آف دی آرٹ انڈسٹریل اسٹیٹس قائم کرکے نہ صرف حکومت مقامی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرسکتی ہے بلکہ اس سے برآمدات کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ باوجود بہت سے چیلنجز کے موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس ملک کے معاشی استحکام میں بھرپور کردار ادا کررہی ہیں۔ حکومت مزید انڈسٹریل اسٹیٹس اور انڈسٹریل زونز قائم کرکے اور موجودہ صنعتی علاقوں کو انڈسٹریل اسٹیٹس کا درجہ دیکر معاشی اہداف آسانی سے حاصل کرسکتی ہے۔