کوئی بھی قوم ترقی وخوشحالی میں خواتین کو نظر انداز کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی‘ بیگم ذکیہ شاہنواز

خواتین کو معاشرتی طور پر خود مختار اور باشعور بنانے کیلئے وویمن پیکج 2016کو خواتین کی بہتری کیلئے ہر صورت یقینی بنائیں گے

جمعرات 14 جنوری 2016 18:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) وزیر تحفظ ماحولیات وبہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ کوئی بھی قوم ترقی وخوشحالی میں خواتین کو نظر انداز کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی،خواتین کو معاشرتی طور پر خود مختار اور باشعور بنانے کے لئے پنجاب حکومت وویمن پیکج 2016کو خواتین کی بہتری کے لئے ہر صورت یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیر برائے بہبود آبادی پنجاب بیگم ذکیہ شاہنواز نے آج اپنے دفتر میں خواتین کے حقوق سے متعلق کام کرنے والی این جی اوز کے نمائندگان سے بات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو اقتصادی طور پرمزید بااختیار،تعلیم یافتہ،سماجی شعور اور اخلاقی تعلیم سے متعلق آگاہی اور اقدامات پر اپنا مکمل فوکس کریں۔انہوں نے کہا کہ وویمن پیکج 2012 اور2014 کا جائزہ لینے کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ پیکج وویمن فرینڈلی ہے ۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ خواتین کا تعلیم یافتہ اور خود مختار ہونا از حد ضروری ہے کیونکہ اس طرح ان میں قوت فیصلہ اور معاشی استحکام پیدا ہو گا۔جس سے نہ صرف بڑھتی ہوئی آبادی پر کنٹرول کیا جا سکے گا بلکہ فرسود رسم ورواج اور خیالات کی حوصلہ شکنی بھی ہو گی۔