شکیل ڈھینگڑا نے ہمیشہ اقتدار کی سیاست کی ،حزب اختلاف کی سیاست کی صعوبتیں ان کے بس سے باہرہیں‘بزنس مین پینل

شکیل ڈھینگڑا کی جانب سے میاں زاہد حسین جیسے مخلص رہنما پربے جا الزامات عائد کرناحقاق کے منافی ہیں‘سلطان چاولہ ،حاجی غلام علی

جمعرات 14 جنوری 2016 18:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء )بزنس مین پینل کے چیئرمین سلطان چاولہ، خیبرپختون خوا ریجن کے چیئرمین سینیٹر حاجی غلام علی،پنجاب ریجن کے چیئرمین میاں انجم نثار ،سندھ ریجن کے چیئرمین ذکریاعثمان ،کیپٹل ریجن کے چیئرمین مرزاعبدالرحمن، مرکزی ترجمان شیخ منظرعالم،ثاقب فیاض مگوں،خرم سعیداور دیگر نے شکیل احمد ڈھینگڑا کی جانب سے بزنس مین پینل سے علیحدگی اختیار کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ شکیل احمد ڈھینگڑاکابزنس کمیونٹی کی سیاست سے عملی کردار اب ختم ہوگیا ہے ۔

شکیل ڈھینگڑا نے میاں زاہد حسین جیسے مخلص رہنما پربے جا الزامات عائد کیئے ہیں،جو حقاق کے منافی ہیں۔بزنس مین پینل اپنے سرپرست طارق سعید کی رہنمائی میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو بزنس مین پینل کے آفس سے جاری مشترکہ بیان میں بزنس مین پینل کے رہنماؤں نے شکیل احمد ڈھینگڑا کے اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کو حقائق کے بر خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ بزنس مین پینل کے رہنماؤں کو خود ساختہ قرار دینے والے شکیل احمد ڈھینگڑاایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں انہیں رہنماؤں کی سرپرستی میں انتخابی مہم چلاتے نظرآئے ،اور بزنس مین پینل کے تمام اجلاسوں اورتقریبات میں شریک ہوئے اور بزنس مین پینل کے رہنماؤں پر اعتمادکااظہارکرتے رہے۔

رہنماؤں نے کہاکہ شکیل احمد ڈھینگڑا نے ہمیشہ اقتدار کی سیاست کی ہے اور حزب اختلاف کی سیاست کی صعوبتیں ان کے بس سے باہرہیں ۔گروپ سے علیحدگی اب ان کی مجبوری تھی ،ان کے جانے سے بزنس مین پینل کو کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ بزنس مین پینل کا شکیل احمد ڈھینگڑا جیسے لوگوں سے پاک ہوجانا گروپ کو ایک نئی بلندی پر لے جائے گا کیونکہ شکیل احمد ڈھینگڑا کا بزنس کمیونٹی کی سیاست میں اب عملی کردار ختم ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میاں زاہد حسین جیسے بزنس کمیونٹی دوست رہنما پر بے جا الزامات لگانا چاند پر تھوکنے کے مترادف ہے ۔میاں زاہد حسین کوطارق سعید اور بزنس مین پینل کے دیگر رہنماؤں کا مکمل اعتماد حاصل ہے اور ان کی کمیونٹی کے لیے کی گئی جدوجہد کو دیکھتے ہوئے ہی ان کو بزنس پینل کے فرسٹ وائس چیئرمین کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں ،جنہیں انہوں نے پوری جانفشانی کے ساتھ نبھایا ہے اور ایف پی سی سی آئی کے حالیہ انتخابات میں بزنس مین پینل نے تمام رہنماؤں کی سرپرستی اور ووٹروں کے اعتماد کی بدولت42فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیئے ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ بزنس مین پینل طارق سعید کی سرپرستی اورسلطان چاولہ کی قیادت میں بزنس کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا ۔