پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سیکنڈری سکولوں کی بورڈرجسٹریشن و امتحانی فیس معاف

حکومتی فیصلے سے 19 لاکھ طالب علموں کو فائدہ پہنچے گا‘ چیئرمین پیف قمرالاسلام راجہ

جمعرات 14 جنوری 2016 18:42

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء) صوبائی حکومت نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سیکنڈری سکولوں کی نہم ودہم جماعتوں میں داخل طالب علموں کی بورڈرجسٹریشن و امتحانی فیس معاف کر دی ہے۔اس اقدام سے پنجا ب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے 19 لاکھ مستحق طلباء و طالبات کو فائدہ پہنچے گا۔اس حوالے سے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن اپنے پارٹنر سیکنڈری سکولوں کے طالب علموں کی مصدقہ فہرستیں تعلیمی بورڈز کو فراہم کرے گی اور ان طالب علموں سے رجسٹریشن و امتحانی فیس نہیں لی جائے گی۔یہ فیصلہ چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالاسلام راجہ کی جانب سے بھیجی جانے والی سمری کی وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی جانب سے با ضابطہ منظوری کے بعد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ قمرالاسلام کوپنجا ب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کے بعد طالب علموں کے والدین اور پارٹنرسکولوں کی جانب سے یہ مطالبہ پیش کیا گیا تھا کہ سرکاری سکولوں کی طرح پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پارٹنر سیکنڈری سکولوں کو بھی یہ سہولت مہیا کی جائے کیوں کہ ان سکولوں میں پڑھنے والے طالب علم انتہائی ضرورت مند ہیں، جس پر چیئرمین پیف کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری بھیجی گئی ،وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد اس ضمن میں ضروری نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔قمرالاسلام راجہ نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کا ایک اور علم دوست فیصلہ ہے جس کا فائدہ پیف کے 1.9 ملین طالب علموں کو پہنچے گا۔

متعلقہ عنوان :