کرپشن کے خلاف بڑی تحریک چلاکر کرپٹ لوگوں کو گریبانوں سے پکڑ کر لوٹی دولت نکلوائیں گے، پاکستان اور کرپشن اکٹھے نہیں چل سکتے ، وزیراعظم مودی کو دوست اور مولوی کو دشمن سمجھتے ہیں ، حکمرانوں کا قبلہ واشنگٹن اور18 کروڑ عوام کا قبلہ مکہ مکرمہ ہے, پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت لئے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد جاری رکھیں گے

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق و دیگر رہنماؤں کا منصورہ میں سیرت کانفرنس سے خطاب

جمعرات 14 جنوری 2016 19:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ اب پاکستان اور کرپشن اکٹھے نہیں چل سکتے ۔ ہم نے بڑا صبر اور نصیحت کی مگر لٹیروں پر ا س کا کوئی اثر نہیں ہوا ، اب ہم کرپشن کے خلاف بہت بڑی تحریک چلائیں گے اور کرپٹ لوگوں کو گریبانوں سے پکڑ کر لوٹی دولت نکلوائیں گے ، وزیراعظم مودی کو دوست اور مولوی کو دشمن سمجھتے ہیں ، حکمرانوں کا قبلہ واشنگٹن ، جبکہ پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام کا قبلہ مکہ مکرمہ ہے ،ہم پاکستان کے نظریاتی تشخص کی حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے اور زندگی کے آخری لمحے تک جدوجہد جاری رکھیں گے ، نظام مصطفےٰؐ کے نفاذ سے ہی ملک کو بحرانوں سے نجات مل سکتی ہے ۔

وہ جمعرات کو منصورہ میں منعقدہ عظیم الشان سیرت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے جماعت الدعوہ کے مرکزی رہنما حافظ عبدالرحمن مکی ، مولانا عبدالمالک ، مولانا محمد امجد خان ، قاری زوار بہادر ، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، حافظ ساجد انور اور ذکر اﷲ مجاہد نے بھی خطاب کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم نے جس آئین کے تحت حلف اٹھایا ہے ، اسی سے بے وفائی کر رہے ہیں ۔

پاکستان لبرل ازم اور سیکولرزم کے لیے نہیں بلکہ اسلامی نظام کے لیے بنا یاگیاتھاجس کا اظہار بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اپنے کئی خطابات میں کیا ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران آئین اور تحریک پاکستان کے شہدا کے خون سے غداری کررہے ہیں ۔ معیشت کی تباہی اور غربت اور ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کی غلامی اﷲ کے احکامات سے روگردانی کی وجہ سے ہے۔

پاکستان کو اﷲ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نوازا ہے مگر حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام پر بھوک وخوف مسلط ہے ۔ انہوں نے کہاکہ غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے ۔ ملک میں غلامان مصطفےٰؐ اور غلامان اوباما کا مقابلہ ہے اور ہمیں اﷲ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے پورا یقین ہے کہ ہم اس معرکے میں سرخرو ہوں گے ۔

انہوں نے کہاکہ مغرب کو خوش کرنے والے اطمینان کی زندگی نہیں گزار سکتے ۔ استعماری طاقتوں نے عالم اسلام کے خلاف سازشوں کا جال بچھا رکھاہے اور اب ان کی ناپاک نظریں مسلمانوں کے مقدس ترین ملک سعودی عرب پر ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ استعماری قوتیں پاکستان کو بھی لسانیت اور قومیت کی بنیاد پر تقسیم کرناچاہتی ہیں یہاں مسالک کی بنیادپر بھائی کوبھائی سے لڑایاجارہا ہے ۔

پاکستان کو اس وقت ایٹم بم سے بھی زیادہ قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے ۔ ہم علما کو متحد کر کے اسلام دشمن قوتوں کے ناپا ک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پاکستان کی حفاظت کے لیے ہمیشہ غریبوں نے قربانی دی ہے ۔ پاکستان ہمارے لیے مسجد کی حیثیت رکھتاہے یہ ایک نظریاتی مملکت ہے جس کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ۔

معیشت کی تباہی اور اداروں کی بربادی کے ذمہ دار وہ کھرب بتی ہیں جنہوں نے قومی خزانے کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے صرف دو محکموں میں دس کھرب اور چوہتر ارب روپے کی کرپشن کا سراغ لگایاہے اگر یہ کرپشن ختم ہو جائے تو ملک میں تعلیم وصحت کی سہولتیں مفت فراہم کی جاسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی سود اور کرپشن کے خاتمے کے لیے بڑی عوامی تحریک چلائے گی۔

حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ حضورؐ نے معاشرے کے پسے ہوئے لوگوں کو باعزت شہریوں کا درجہ دیا آج ہم نے سیرت مصطفےٰؐ کو مسجدوں تک محدود کر دیاہے جبکہ اس کی اصل ضرورت ان اسمبلیوں میں ہے جہاں قانون سازی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہندووانہ کلچر کو فروغ دیا جارہاہے ۔ سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ آپؐ کا لایا ہوا نظام زندگی ہی عالمگیر نظام ہے اور یہی نظام دنیا کو امن دے سکتاہے ۔

دہشتگردی کے نام پر لاکھوں انسانوں کاقتل عام کرنے والے عالمی امن کے قیام میں ناکام ہو گئے ہیں ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل قاری زوار بہادر نے کہاکہ اسلام دشمن طاقتیں جعلی تنظیمیں بناتی ہیں اور ان کی فنڈنگ کر کے انہیں مسلمانوں کے خلاف لڑایا جارہاہے ۔ کفر اپنے پورے لاؤ لشکر کے ساتھ عراق اور افغانستان پر حملہ آور ہوا مگر وہاں سے اسے ذلیل و خوار ہو کر نکلنا پڑا ۔

ضرورت اس بات کی ہے کہ مسلمان متحد ہو کرذاتی اختلافات سے نکل کر کفر کے خلاف ایک سیسہ پلائی دیوار بن جائیں ۔انہوں نے کہاکہ حضرت محمد صلی اﷲ علیہ وسلم کی بعثت انسانیت پر اﷲ تعالیٰ کا سب سے بڑا احسان ہے ۔ آپ ؐ نے انسانوں کو حیوانیت سے نکال کر انسانیت کے اعلیٰ مرتبہ پر فائز کیا ۔ آپ ؐ نے جو انقلاب برپا کیا ، وہ قیامت تک قائم و دائم رہے گا ۔ آپ ؐ نے بندوں پر بندوں کی حاکمیت کاخاتمہ کر کے اﷲ کی حاکمیت کو قائم کیا ۔