Live Updates

مضبوط سیاسی جماعتیں ہی جمہوریت کی ضمانت ہیں ،پی ٹی آئی کو زیادہ عوامی پذیرائی ملے گی ‘عبدالعلیم خان

انٹرا پارٹی الیکشن تحریک انصاف کا امتیاز ہیں ،پارٹی کے مفاد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ‘پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب

جمعرات 14 جنوری 2016 20:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جنوری۔2016ء ) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ حقیقی معنوں میں جمہوریت کی مضبوطی کیلئے سیاسی جماعتوں میں جمہوری کلچر کا فروغ ہے ،انٹرا پارٹی الیکشن کا بنیادی سے لے مرکزی سطح تک انعقاد تحریک انصاف کا امتیاز ہے ،مستقبل میں پی ٹی آئی کو زیادہ عوامی پذیرائی ملے گی ہم نے ماضی کے تجربات سے سیکھا ہے اور پارٹی کے وسیع تر مفاد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔

عبدالعلیم خان نے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے منعقدہ پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 3برسوں کی سیاسی جدوجہد تحریک انصاف کا عظیم سیاسی سرمایہ ہے جس میں پارٹی ورکر سے لے کر چیئرمین تک ہر کسی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پی ٹی آئی نے لونگ مارچ سے لے کر دھرنوں اور شٹ ڈاؤن جیسے کامیاب معرکے سر کیے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ضمنی الیکشن میں بھی حکومت کے ناکو ں چنے چبوائے اور پارٹی کارکن ہر امتحان میں سرخرو ہوئے انہوں نے بطور صدر ضلع لاہور اپنی کارکردگی کو ٹیم ورک کا نتیجہ قرار دیا ۔

اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے انٹرا پارٹی الیکشن کے طریقہ کار کے حوالے سے مشاورتی اجلاس سے دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ہی ملک و قوم کا مستقبل ہے اور پارٹی کو عبدالعلیم خان جیسی فعال اور متحرک قیادت کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں میاں اسلم اقبال ،میاں حامد معراج ،جمشید اقبال چیمہ،سردار کامل عمر منشاء سندھو ،میاں جاوید علی اور فرخ جاوید مون بھی شریک تھے ۔عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور پہلے مرحلے میں پارٹی ممبر شپ یقینی بنانے کیلئے اہم امور پر غور و خوض کیا گیاجبکہ شعبہ خواتین کے حوالے سے بھی پارٹی الیکشن کے امور پر زیر بحث آئے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات