ملک کے مختلف حصوں سے کامیاب ہونیوالے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

ملتان میں ہتھکڑیوں میں لائے گئے رفیق طوطی سمیت 185 نومنتخب بلدیاتی ارکان نے بھی حلف اٹھا لیا،عوامی خدمت کی جذبے سے سرشار ہوں اورجلد ہی بے گناہی ثابت ہونے پر حلقے کے عوام کی بھر پور خدمت کروں گا،رفیق طوطی کا میڈیا سے گفتگو

جمعرات 14 جنوری 2016 20:56

لاہور/راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) ملک کے مختلف حصوں سے کامیاب ہونیوالے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا۔قریب حلف برداری کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ، ریٹرننگ افسران نے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے ملک سے وفاداری ، گڈ گورننس اور لوکل آرڈیننس 2013 کے مطابق ذمہ داریوں کی ادائیگی اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عمل درآمد کرنے کا حلف لیا۔

راولپنڈی کے دو ہزار سے زائد نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے بھی حلف اٹھایا ، تقریب حلف برداری تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے دفتر میں ہوئی ، فیصل آباد میں کامیاب ہونے والے نمائندوں کی حلف برداری کی تقریبات ریٹرنگ افسران کے دفاتر سمیت ٹی ایم ایز میں منعقد ہوئی۔بلکہ دوسری طرف ملتان میں ہتھکڑیوں میں لائے گئے یوسی 58 کے وائس چیئر مین رفیق طوطی سمیت 185 نومنتخب بلدیاتی ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

(جاری ہے)

ضلع کونسل سمیت مختلف مقامات پر حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی جس میں 26 ریٹرننگ افسران نے 185 بلدیاتی ارکان سے حلف لیا اس موقع پر یوسی 58 کے وائس چیئر مین رفیق طوطی کو بھی ڈسٹرکٹ جیل سے ہتھکڑیاں لگاکر حلف برداری کیلیے لایا گیا جن پر پولنگ اسٹیشن سے خواتین کی انکھوں میں مرچیں ڈال کر بیلٹ بکس لے جانے کا الزام تھا تاہم نومنتخب وائس چیئر مین رفیق طوطی کا کہنا تھا کہ عوامی خدمت کی جذبے سے سرشار ہوں اور جلد ہی بے گناہی ثابت ہونے پر رہا ہو کر حلقے کے عوام کی بھر پور خدمت کروں گا ۔حلف برادری کی تقریب کے اختتام پر دوبارہ ملزم رفیق طوطی کو ڈسٹرکٹ جیل منتقل کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :