کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک میں اچھی شہرت کی حامل اور اسٹیٹس کو کی مخالف قوتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے ،چوروں اور لٹیروں کا کڑا احتساب کرنے کیلئے آئینی اداروں کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے ،عوام متحد ہوجائیں تو لٹیروں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا ،68سال میں کرپشن سے ہاتھ رنگنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کاپانچ روزہ تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب

جمعرات 14 جنوری 2016 22:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔14 جنوری۔2016ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہکرپشن نے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا اورخون چوسنے والی جونکوں نے پاکستان کے جسم کو لاغر اور کمزور کردیا ہے ،کرپشن کے خلاف ملک گیر تحریک میں اچھی شہرت کی حامل اور اسٹیٹس کو کی مخالف قوتوں کو ساتھ لیکر چلیں گے اور چوروں اور لٹیروں کا کڑا اور بے رحم احتساب کرنے کیلئے آئینی اداروں کا بھی دروازہ کھٹکھٹائیں گے ،عوام متحد ہوجائیں تو لٹیروں کو بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔

68سال میں کرپشن سے ہاتھ رنگنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرکے پائی پائی کا حساب لیا جائے گا۔قومی دولت لوٹنے والے قوم کے مجرم ہیں انہیں بچ نکلنے کا موقع دینا ملک و قوم سے غداری کے مترادف ہے ، چوروں اور صیہونی اداروں کے ایجنٹوں کے ہاتھوں ملکی سا لمیت خطرے میں ہے ،احتساب اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لٹیروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کرنی چاہئے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو منصورہ میں جاری پانچ روزہ تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکمران جان بوجھ کر معیشت کو سدھرنے کا موقع نہیں دینا چاہتے تاکہ ڈانواڈول اقتصادی حالت کا رونا رو کر وہ عوام پر ٹیکسوں مزید بوجھ لادسکیں اور بجلی و گیس سمیت بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اضافہ کرسکیں ۔انہوں نے کہا کہ بھکاری حکمران خودپرانحصارکرکے عزت سے جینے کی بجائے غیروں کے سامنے ہاتھ پھیلا کر ذلت کے دولقموں کے حصول کیلئے کوشاں رہتے ہیں اور جب انہیں کہیں سے قرض کی بھیک مل جاتی ہے تو خوشی سے بغلیں بجاتے ہیں اور قوم کو مبارک بادیں دیتے ہیں جیسے انہوں نے کشمیر آزاد کرالیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ معیشت آئی ایم ایف کے قرضوں اور ورلڈ بنک کی بھیک سے ٹھیک نہیں ہوگی ،معیشت کو سدھارنا ہے تو سود کی لعنت اور بھیک کی عادت سے چھٹکارا پانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بیرونی بنکوں میں پڑے ہوئے چار سو ارب ڈالر قوم کی امانت ہیں ،جن لوگوں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے وہ کسی طرح بھی ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ۔انہیں مسند اقتدار پر نہیں ، تختہ دار پر ہونا چاہئے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسلح دہشت گردی معاشی اور سیاسی دہشت گردی کی پیداوار ہے ،جب پڑھے لکھے نوجوانوں کو روز گار اور غریب کو پورا دن محنت مشقت کے بعد بھی پیٹ بھر کھانا نصیب نہیں ہوگا تو حقوق سلب کرنے والوں کے خلاف ان کے دلوں میں نفرت کی آگ ہی بھڑکے گی۔جس طرح دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے قومی ایکشن بنایا گیا ہے اسی طرح کا قومی ایکشن پلان کرپشن کے خلاف بھی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ اجاسکے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی دینی واچھی شہرت کی حامل سیاسی جماعتوں کو ساتھ لیکر کرپشن اور استحصالی و طبقاتی نظام کے خلاف ایک بڑی تحریک برپا کرے گی تاکہ ملکی اقتدار پر قابض کرپٹ اشرافیہ سے ملک و قوم کو نجات دلائی جاسکے ۔