لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تشکیل اور موبائل فون کی ان کمنگ کالز پر سروسز ٹیکس کے نفاذ کے خلاف دائر متعدددرخواستوں پر فریقین کے وکلاءکو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 15 جنوری 2016 14:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 جنوری۔2016ء) درخواست گزاروں کے وکلاءنے موقف اختیار کیا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کی قوانین کے برعکس تشکیل کئے بغیر موبائل فون کی ان کمنگ کالز پر سولہ فیصد ٹیکس عائد کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت اس مد میں پہلے ہی ٹیکس وصول کر رہی ہے جبکہ قوانین کے تحت ایک وقت میں دو ٹیکس نافذ نہیں کئے جا سکتے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ممبران کی تعداد بھی پوری نہیں جبکہ چئیرمین غیر قانونی طور پر سروسز کے نام پر از خود ٹیکسز عائد کئے جا رہے ہیں لہذا عدالت پنجاب ریونیو اتھارٹی کی تشکیل اور ان کمنگ کالز پر وصول کئے جانے والے سولہ فیصد سروسز ٹیکس کو کالعدم قرار دے۔جس پر عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے فریقین کے وکلاءکو مزید بحث کے لئے طلب کر لیا۔