سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ترقیاتی کاموں اور دیگر اہم مواقع پر شہریوں کی مدد،راہنمائی کیلئے کوشاں ہے‘ ایس پی سٹی ٹریفک

جمعہ 15 جنوری 2016 14:55

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) ایس پی سٹی ٹریفک آصف صدیق نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ترقیاتی کاموں ،اورنج لائن ٹرین اور دیگر اہم مواقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی مدد اور راہنمائی کیلئے شب وروز کوشاں ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس نے پولیس عوام دوستی ،شہریوں کی مدد،سہولت اور راہنمائی کیلئے خاطر خواہ اقدامات کرنے کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی روانی اور قوانین کی بالا دستی کیلئے بھی ہر ممکن وسائل بروئے کا ر لارہی ہے۔

انہوں نے وارڈنز کو کہا کہ محنت اور لگن سے ڈیوٹی کرنے والوں کی محکمہ قدر کرتا ہے جبکہ دوران ڈیوٹی شہریوں کی خدمت اور مدد کو بھی اپنا شعار بنائیں۔آصف صدیق نے کہا کہ وارڈنزکو روزانہ کی بنیاد پر بریف کیا جاتا ہے کہ وہ دورا ن ڈیوٹی شہریوں سے نرمی سے پیش آئیں اور سڑکوں پر ہمہ وقت عوام کی خدمت کیلئے تیار رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چاہیے کہ وہ دوران سفر سٹی ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی میں اپنا مثبت کردار اداکریں۔ایس پی سٹی نے کہا کہ شہریوں سے نارواء سلوک کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،شہری کسی بھی شکایت یا تجویز کیلئے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :