دلوں کو چھو لینے والی شاعری کے خالق محسن نقوی کی 20ویں برسی منائی گئی

جمعہ 15 جنوری 2016 16:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔15 جنوری۔2016ء) انسانی جذبات کو شعر میں ڈھال کر اسے سمندر جیسی گہرائی بخشنے والا شاعر محسن نقوی سیاسی انقلابی ورکربھی تھا۔ دلوں کو چھو لینے والی شاعری کے خالق محسن نقوی کی 20ویں برسی منائی گئی ہے۔محسن نقوی کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے تھا مگر بسیرا لاہور میں کیا۔ غزل کے کلاسیکی ڈھنگ کے ساتھ نئے زمانے کا انگ اور شگفتگی شامل کی توہر سو پذیرائی ملی۔

(جاری ہے)

1977ء میں مفتی محمود کے مقابل پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑا، بے نظیر بھٹو نے مشیر بنایا،محسن نقوی بلا کے خطیب اور مرثیہ گو تھے ،مصائب اہل بیت پر لکھی شاعری شہرت کو دوام بخش گئی۔محسن نقوی قطعہ نگاری کے بادشاہ کہلائے ،محبتیں تحریر کرتے اور بانٹتے، خود بھی محبت کے اسیر ہوئے۔اردو ادب کے اس روشن ستارے کو15 جنوری1996 کو دہشت گردی کے اندھیرے نگل گئے، مگر ان کی بے مثل شاعری انہیں دلوں میں ہمیشہ زندہ رکھے گی۔