محمد عامر کی پانچ سال کی پابندی کے بعد واپسی ٗوکٹوں کی سنچری کر لی

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اگلا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو کھیلا جائے گا

جمعہ 15 جنوری 2016 18:21

محمد عامر کی پانچ سال کی پابندی کے بعد واپسی ٗوکٹوں کی سنچری کر لی

آکلینڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ محمد عامر کیلئے ہر لحاظ سے ایک یادگار میچ ثابت ہوا جنہوں نے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کی۔تقریباً ساڑھے پانچ سال بعد پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد عامر کیلئے اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ متوازن باؤلنگ اور ایک وکٹ کے حصول کے ساتھ یادگار رہاانہوں نے ناصرف اس میچ کے ذریعے اپنی عالمی کرکٹ میں واپسی یقینی بنائی بلکہ اپنی تیز باؤلنگ سے ایک بار پھر شائقین کے دل جیت لیے۔

(جاری ہے)

کپتان شاہد آفریدی نے عامر کی گیند پر حریف کپتان کا کیچ ڈراپ کر کے انہیں ابتدا میں ہی حریف کپتان کی وکٹ لینے سے محروم کردیا لیکن اختتامی اوور میں انہوں نے آفریدی کی ہی مدد سے اپنی پہلی وکٹ حاصل کی۔اس وکٹ کے ساتھ عامر نے عالمی کرکٹ میں اپنی وکٹوں کی سنچری بھی مکمل کر لی، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 51، ایک روزہ میں 25 اور ٹی ٹوئنٹی میں 24 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں عامر نے چار اوورز کے کوٹے میں 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اگلا ٹی ٹوئنٹی میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :