بھارت اگر پاکستان سے اچھے تعلقات چاہتا ہے تو اسے کشمیر سے اپنی فوج کو نکالنا ہوگاحکومت پاکستان دہلی میں پی آئی اے کے دفتر پرحملے کیخلاف بھارت سے سخت احتجاج کرے‘بھارت نے ہمیشہ پاکستان کی دوستی کاجواب انتہاپسندی سے دیا

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمد

جمعہ 15 جنوری 2016 19:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے نئی دہلی میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائنز کے دفتر پربجرنگ دل تنظیم کے انتہاپسند ہندوؤں کے حملے،تشدد اور توڑ پھوڑ پراپنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر بھارت سے سخت احتجاج کرے۔بھارت ایک طرف مذاکرات کاڈھونگ رچاکردنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنا چاہتا ہے تودوسری جانب اس کی انتہا پسندی مسلمانوں اور پاکستان کے خلاف عروج پرپہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پٹھان کوٹ حملے پرہندوستان نے آسمان سر پراٹھایا ہوا ہے۔ممبئی حملے کی طرح پٹھان کوٹ واقعے میں بھی وہ پاکستان پرالزامات لگارہا ہے۔انڈیا میں پی آئی اے کے دفتر پرہونے والے افسوس ناک واقعے سے بھارت کی بدنیتی ثابت ہوگئی ہے کہ وہ پاکستان سے کشمیر سمیت اہم ایشوز پر جامع مذاکرات کرنے میں بالکل سنجیدہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

ماضی کاتجربہ بھی یہی بتاتا ہے کہ ہندوستان ہمیشہ مختلف حیلے اور بہانوں سے مسئلہ کشمیر پربامقصد مذاکرات سے پہلوتہی کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان اور کراچی میں بھارتی مداخلت کے ٹھوس ثبوت پاکستان نے امریکی حکام اور اقوام متحدہ کوکچھ عرصہ پہلے پیش کئے تھے اب حکومت پاکستان بھی یہ مطالبہ کرے کہ بھارت بلوچستان اور کرچی میں مداخلت کرنے والی اس کی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ کے ایجنٹوں کے خلاف کاروائی کرے اورسانحہ پشاور،کراچی ائیر پورٹ واقعہ اور سانحہ واہگہ بارڈرسمیت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے مرتکب ملزموں کوپاکستان کے حوالے کرے۔

اسی طرح دہلی میں پی آئی اے کے دفتر پر حملہ کرنے والوں کوگرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔میاں مقصود احمد نے مزید کہاکہ انڈیا نے ہمیشہ پاکستان کی طرف سے دوستی کاجواب انتہاپسندی سے دیا ہے۔پاکستان کے عوام بھارت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر اسے اپنے پاکستان دشمن طرزعمل کوتبدیلی کرنا ہوگا۔اگر بھارت پاکستان کے ساتھ جامع مذاکرات میں مخلص ہے تو پھر اسے کشمیر سے اپنی سات لاکھ فوج کو نکالنا چاہئے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کوحق خود ارادیت دینا چاہئے۔