پنجاب کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارروائیاں ، جیش محمد کے ضلعی امیر سمیت درجنوں گرفتار

راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 45مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا، غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد

جمعہ 15 جنوری 2016 20:17

لاہور /فیصل آباد /راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء) پنجاب کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے دوران درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا جن میں دہشت گردوں کے سہولت کار اور کالعدم جیش محمد کا ضلعی امیر بھی شامل ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کاؤنٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ نے فیصل آباد کے علاقے رضا آباد میں کارروائی کی جس میں 9افراد کو حراست میں لیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں جن میں کالعدم جیش محمد کا ضلعی امیر ابو جندل بھی شامل ہیں۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے تمام ملزمان کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ادھر قانون نافذ کرنے والے ادارے نے لاہور کے علاقے کاہنہ میں کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق کاہنہ سے دہشت گردوں کے 4 سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے جن کے قبضے سے جدید بندوقیں اور 30ہزار سے زائد گولیاں برآمد کی گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان سے برآمد ہونے والا اسلحہ دہشت گردوں کو فراہم کیے جانا تھا جو لاہور میں دہشت گردی کے لیے استعمال ہونا تھا۔لاہور میں ہی سی آئی اے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے داتا دربار کے قریب سے کالعدم تنظیم کا اہم رکن گرفتارکیا ،تسنیم نامی مبینہ دہشت گرد کے قبضہ سے اشتعال انگیز مواد بھی برآمد کیا ہے۔

دوسری جانب راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور خفیہ اداروں کے اہلکاروں نے سرچ آپریشن کے دوران 45مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کے مطابق سرچ آپریشن خفیہ اداروں کی اطلاعات پرکیا گیا جبکہ جن علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں ان میں پیرودہائی ، فوجی کالونی ، ڈھوک حسو اور اس کے ملحقہ علاقے شامل ہیں اور حراست میں لئے گئے 45ملزمان کے قبضے سے غیرقانونی اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :