کرمینل جسٹس سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے میڈیکو لیگل ایگزمینشن نظام میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے‘ وزیراعلیٰ شہبازشریف

جمعہ 15 جنوری 2016 21:14

لاہور۔15 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔15 جنوری۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہواجس میں میڈیکو لیگل ایگزمینشن سسٹم میں بہتری لانے کے لئے اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرمینل جسٹس سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے میڈیکو لیگل ایگزمینشن نظام میں اصلاحات وقت کا تقاضا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ میڈیکو لیگل ایگزمینشن سسٹم میں بنیادی اصلاحات کے حوالے سے جامع سفارشات مرتب کی جائیں اور میڈیکو لیگل کا علیحدہ کیڈر بنانے کا جائزہ لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ عملے کی تربیت اور استعدادکار بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکو لیگل ایگزمینشن سسٹم میں اصلاحات کر کے کرمینل جسٹس سسٹم کو بہتر بنایا جاسکتا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم کمیٹی کو 15روز میں حتمی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ صوبائی وزیر قانون راناثناء اللہ ،معاون خصوصی رانامقبول احمد،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری پراسکیوشن اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔