Live Updates

وزیر اعلی سے کراچی کے معروف فلاحی ادارے کے وفد کی ملاقات ،پنجاب میں آئی ٹی ٹریننگ سنٹر کے قیام کی تجویز پیش کی

انتہائی کم وسیلہ طبقات کی مدد اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا عبادت سے کم نہیں،کارخیر میں مصروف اداروں کا جذبہ لائق ستائش ہے‘ شہباز شریف

جمعہ 15 جنوری 2016 21:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کراچی کے معروف فلاحی ادارے کے بانی مولانا بشیر فاروقی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی اور پنجاب میں ادارے کی جانب سے آئی ٹی ٹریننگ سنٹر کے قیام کی تجویز پیش کی- وزیر اعلی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی کم وسیلہ طبقات کی مدد اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنا عبادت سے کم نہیں- ایسے نیک کام کرنے والے ادارے اور افراد کا جذبہ قابل ستائش ہے - انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت انتہائی کم وسیلہ افراد کی مدد کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے - انہوں نے کہا کہ کراچی کے معروف فلاحی ادارے کی جانب سے لاہور میں آئی ٹی ٹریننگ سنٹر کے قیام کی تجویز خوش آئند ہے - پنجاب حکومت آئی ٹی ٹریننگ سنٹر کے قیام کے لئے تعاون کے لئے تیار ہے - وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ منصوبے کا قابل عمل ماڈل تیار کر کے پیش کیا جائے- کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ کمیٹی منصوبے کے خدوخال کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات پیش کرے-فلاحی ادارے کے بانی مولانا بشیر احمد فاروقی نے وزیر اعلی پنجاب کو اپنے ادارے کی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا-صوبائی وزراء ملک ندیم کامران ، سید ہارون احمد سلطان بخاری ، وائس چیئرمین پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ ڈاکٹر امجد ثاقب، سیکرٹریز زکوۃ وعشر ، سماجی بہبود کے علاوہ فلاحی ادارے کے صدر یوسف لاکھانی اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے-

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :