ملک میں شریعت کا نفاذ ہوجائے تو پاکستان عالم اسلام کی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتا ہے ، امت کی پریشانیوں اور مصیبتوں کا علاج اﷲ کی طرف رجوع کرنے میں ہے

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس کانماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب

جمعہ 15 جنوری 2016 21:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔15 جنوری۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ امت کی پریشانیوں اور مصیبتوں کا ایک ہی علاج ہے کہ وہ اﷲ کی طرف رجوع کریں اور عالم کفر کو اپنا خیر خواہ سمجھنے اور اس سے امیدیں باندھنے کی بجائے ملی وحدت اور امت کے اتحاد کی طرف توجہ دی جائے ۔استعماری قوتیں عالم اسلام کو انتشار کا شکار کرکے اس کی قوت کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں ۔

مسلم ممالک کے حکمرانوں نے حالات کی نزاکت کو نہ سمجھا تو آئندہ نسلوں کو اس کا ناقابل فراموش خمیازہ بھگنا پڑے گا۔ وہ جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ ملک میں شریعت کا نفاذ ہوجائے تو پاکستان عالم اسلام کی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتا ہے ،ملک و قوم کو بحرانوں کی دلدل سے نکالنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ ملکی آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل کرتے ہوئے قرآن و سنت کو حاکم تسلیم کرلیا جا ئے اور ریاست معاشرے کی اسلامی بنیادوں پر تشکیل کے اپنے فرض منصبی پر عمل کرتے ہوئے سود کے خاتمہ ،قانون اور میرٹ کی بالا دستی اور دیانتدار قیادت کے انتخاب کے تقاضوں کو پورا کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران عالمی استعمار کے خوف سے ملک میں اسلامی نظام کو رائج نہیں کررہے حالانکہ انہیں اﷲ سے ڈرنا اور قیامت کے دن پیغمبر آخرالزماں ﷺ کے سامنے ہونے والی خجالت اور رسوائی سے بچنے کی کوشش کرنی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں باہمی اخوت اور محبت کے فروغ کیلئے قومی وحدت اور یکجہتی کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :