لاہور پولیس کی کاروائی ناجائز اسلحہ کی فراہمی میں ملوث 8سمگلر گرفتار کروڑوں روپے مالیت کا اسلحہ برآمد

ملزمان درہ آدم خیل کے علاوہ کے پی کے اور فاٹا کے مختلف علاقوں سے اسلحہ لاہور لاتے تھے‘کیپٹن (ر) محمد امین وینس ابھی تک پولیس تمام آپریشنز کی نگرانی کر رہی ہے اگر ضرورت پیش آئی تو رینجرز کو بلانے یا نہ بلانے کے بارے میں سوچا جائے گا‘سی سی پی لاہو ر

جمعہ 15 جنوری 2016 22:34

لاہور پولیس کی کاروائی ناجائز اسلحہ کی فراہمی میں ملوث 8سمگلر گرفتار ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔15 جنوری۔2016ء ) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ لاہور پولیس نے نیشنل ایکشن پروگرام کے دوران جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کو ناجائز اسلحہ کی فراہمی میں ملوث اسلحہ کے 8سمگلروں کو گرفتار کر کے ان سے کروڑوں روپے مالیت کی 130رائفلیں، بندوقیں،120موزر وپستول اور 40ہزار گولیاں و کارتوس برآمد کر لیے ہیں، سی آئی اے پولیس نے قریباً ایک ماہ قبل جو اسلحہ کے سمگلر گرفتار کیے تھے ان ملزمان کی نشاندہی پر ماڈل ٹاؤن اور اے وی ایل ایس پولیس نے مشترکہ طور پر مختلف ریڈز کر کے درہ آدم خیل سے اسلحہ لاہور لا کر سماج دشمن عناصر کو فروخت کرنے والے ملزموں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف کاروائی کی۔

یہ بات اُنہوں نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان درہ آدم خیل کے علاوہ کے پی کے اور فاٹا کے مختلف علاقوں سے اسلحہ لاہور لاتے تھے۔ گرفتار ملزمان حاجی خان، سحر گل، مبشر حسین، زہیب، رانا عادل، شاہ زولا، دلاور اور صابر رحمان وغیرہ اسلحہ کے سمگلر ہیں جن سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔ اُنہوں نے بتایا کہ ملزموں سے تفتیش جاری ہے جن سے اہم انکشافات متوقع ہیں ۔

صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ۔اُنہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پروگرام کے تحت ناجائز اسلحہ کے خلاف پولیس شب و روز کوشاں ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران پولیس کو سماج دشمن اور جرائم پیشہ افراد کو اسلحہ کی فراہمی میں ملوث ریکٹ کے خلاف کامیابی ملی ہے اور اُمید ہے کہ تفتیش کے دوران گرفتار ملزموں سے مزید اہم معلومات بھی ملیں گی جن کی مدد سے جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کو قانون کی گرفت میں لانے میں مدد ملے گی۔

جیش محمد کے خلاف لاہور میں کسی کاروائی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں جیش محمد کے نیٹ ورک کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں ملی اور اگر کوئی اطلاع ملی تو بھر پور کاروائی کی جائے گی۔لاہور میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کے دوران رینجرز بلانے کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے ۔اُنہوں نے کہا کہ ابھی تک پولیس تمام آپریشنز کی نگرانی کر رہی ہے لیکن اگر ضرورت پیش آئی تو رینجرز کو بلانے یا نہ بلانے کے بارے میں سوچا جائے گا۔