اردو کے ممتاز افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی 61ویں برسی پرسوں منائی جائیگی

ہفتہ 16 جنوری 2016 13:02

اردو کے ممتاز افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی 61ویں برسی پرسوں منائی جائیگی

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء ) اردو کے ممتاز افسانہ نگار سعادت حسن منٹو کی 61ویں برسی ( پیر ) 18جنوری کو منائی جائیگی۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات ، کانفرنسز، سیمینارز، مذاکروں ، مباحثوں کا انعقاد کیا جائیگاجس میں سعادت حسن منٹو کی اردوادب اور افسانہ نگاری کے شعبہ میں طویل خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

سعادت حسن منٹو 11مئی 1912 ء کو غلام حسن منٹو امرتسری کے ہاں موضع سمبرالہ ضلع لدھیانہ بھارت میں پیداہوئے ۔انہوں نے انسانی نفسیات کو اپنا موضوع بنایا اور پاکستان بننے کے بعد یہاں منتقلی پر بھی افسانہ نگاری کا سلسلہ جاری رکھا ۔ انہوں نے قیام پاکستان کے بعد ٹوبہ ٹیک سنگھ ، کھول دو ، ٹھنڈا گوشت ، دھواں اور بو سمیت درجنوں شاہکار افسانے تخلیق کئے۔ سعادت حسن منٹو 18جنوری 1955 ء کو 43برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث اس جہاں فانی سے کوچ کر گئے۔ان کے افسانے آج بھی بڑے مقبول ہیں ۔ یادر ہے کہ حال ہی میں اداکار سرمدکھوسٹ نے منٹو کے نام سے ایک فلم بھی بنائی تھی جس کو بے حد سراہا گیا ۔