چین میں مزید 563ہائی ا سپیڈ ٹرینیں چلانے کا اعلان

مجموعی طورپر مزید 571مسافر ٹرینیں چلائی جائیں گی ،محکمہ ریلوے

ہفتہ 16 جنوری 2016 16:37

چین میں مزید 563ہائی ا سپیڈ ٹرینیں چلانے کا اعلان

بیجنگ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔16 جنوری۔2016ء ) چین کے محکمہ ریلوے نے 2016 میں مزید 571 مسافر ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے، جن میں سے 563 ٹرینیں ہائی اسپیڈ ہوں گی۔ چائنہ ڈیلی کی ایک رپورٹ کے مطابق چائنہ ریلوے کارپوریشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رواں برس ملک بھر میں 563 تیز رفتار مسافر ٹرینوں سمیت 571 نئی ٹرینیں چلانے کی منصوبہ بند کرلی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان کا پڑوسی ملک چین دنیا میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ملک ہے جس کی آبادی ایک ارب 30 کروڑ سے زائد ہے جبکہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ سستی اور تیز رفتار ریل گاڑی پر ہی سفر کو ترجیح دیتا ہے۔چینی اخبار کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں اس وقت 6284 مسافر ٹرینیں چلائی جارہی ہیں جبکہ مال گاڑیوں کی تعداد ان کے علاوہ ہے۔

(جاری ہے)

چین میں چلنے والی 6284 میں سے 3770 ٹرینیں ہائی اسپیڈ (تیز رفتار) ہیں۔خیال رہے کہ چین کی ہائی اسپیڈ ٹرین 300 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتی ہے۔2016 میں دارالحکومت بیجنگ کو دیگر صوبوں سمیت ہر اْس شہر کے ریلوے نظام سے منسلک کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی، جس کی آبادی 50 ہزار ہو.2015 میں ملک بھر 18 ہزار کلومیٹر کا مزید ٹریک تعمیر کیا گیا جبکہ اس پورے ٹریک پر ہائی اسپیڈ ٹرینیں چلائی جاتی ہیں۔

2014 کے اعداد و شمار کے مطابق ایک سال میں صرف بیجنگ سے شنگھائی کے درمیان 1318 کلومیٹر طویل ہائی اسپیڈ ٹرین سروس پر 10 کروڑ لوگوں نے سفر کیا، یہ سفر صرف 5 گھنٹوں میں ہائی اسپیڈ ٹرین کے ذریعے طے کیا جاسکتا ہے جبکہ اس میں سیکنڈ کلاس کا ٹکٹ 555 یوآن (تقریبا 9 ہزار پاکستانی روپے) کے قریب ہے۔خیال رہے کہ پاکستان میں ٹرین کا سب سے طویل فعال ٹریک کراچی سے راولپنڈی تک ہے جس کی طوالت 1450 کلومیٹر کے قریب ہے جبکہ ریل گاڑی میں یہ سفر 24 گھنٹے سے زائد میں طے کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :