سندھ میں کرپٹ افراد کو بچانے کیلئے کالے قوانین بنائے جارہے ہیں‘ صاحبزادہ حامد رضا

ہفتہ 16 جنوری 2016 16:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سندھ میں کرپٹ افراد کو بچانے کیلئے کالے قوانین بنائے جارہے ہیں،پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کررہی ہے اور کرپشن کے تحفظ کیلئے اسمبلی کو ڈھال بنایا جارہا ہے،اقتصادی راہداری منصوبے پر قومی اتفاق رائے خوش آئند ہے،وفاقی حکومت چھوٹے صوبوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائے،ارکان اسمبلی کی مراعات میں دو سو فیصد اضافہ کی سفارش واپس لی جائے،غریب لوگ خود کشیاں کررہے ہیں اور حکومت مراعات یافتہ طبقے کو نواز رہی ہے۔

تھر میں بچوں کی مسلسل ہلاکتیں قومی المیہ ہے،پنجاب کے ہسپتالوں میں ادویات کی کمی کی وجہ سے ہلاکتیں بڑھ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ پور کانجراں لاہور میں صاحبزادہ معاذ المصطفیٰ قادری کی رہائشگاہ پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ حکومت نے دہشتگردی کے خاتمے کا سارا بوجھ فوج پر ڈال رکھا ہے۔

سول ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کررہے جس کی وجہ سے دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ احتساب کا عمل سیاسی مصلحتوں کی نذر ہو چکا ہے۔ڈاکٹر عاصم کی رہائی کیلئے سودے بازی شرو ع ہو گئی ہے۔حکمرانوں نے ملک کو بند گلی میں پہنچا دیا ہے۔بھارتی حکومت ہندو انتہا پسندوں کو لگام ڈالے۔دنیا بھر میں دہشتگردی کی نئی لہر خطرے کی گھنٹی ہے۔

متعلقہ عنوان :