پیسے کا بے دریغ استعمال روکنے اخراجات کی حد مقرر ،کم از کم تین سال خدمات سر انجام دینے والاانتخاب لڑنے کا اہل ہونا چاہیے ،اعجاز چوہدری کے پارٹی کے الیکشن کمیشن سے مطالبات

ساتھیوں کی مشاورت او راجازت سے پنجاب کی صدارت کا امیدوار بنوں گا‘ سابق صدر کی دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدراعجاز احمد چوہدری نے الیکشن کمیشن سے انٹر اپارٹی انتخابات میں پیسے کا بے دریغ استعمال روکنے اخراجات کی حد مقرر کرنے اور پارٹی کیلئے کم از کم تین سال خدمات سر انجام دینے والے کو ہی کسی عہدے کیلئے انتخاب لڑنے کا اہل قرار دینے کے مطالبات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساتھیوں کی مشاورت او راجازت سے پنجاب کی صدارت کا امیدوار بنوں گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر بیرسٹر بختیار قصوری ، ڈاکٹر یاسمین راشد، شنیلہ روتھ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ انٹرا پارٹی انتخابات یونین کونسل سے لے کر مرکزی سطح تک کرائے جائیں کیونکہ جب ہم پارٹی کے اندر تبدیلی کا آغاز کر سکیں گے تو ہی ملک میں تبدیلی کا آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں پارٹی کے الیکشن کمیشن پر بھرپور اعتماد ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں پیسے کا بے دریغ استعمال روکنے کے لئے امیدوار کے لئے اخراجات کی حدمقرر کی جائے تاکہ انتخاب لڑنا عام کارکن کی بھی پہنچ میں رہ سکے ۔ الیکشن کے لئے بطور امیدوار حصہ لینے کے لئے ایک ٹھوس طریق کار وضع کیا جائے جس کے تحت کم از کم تین سال تک پارٹی کے لئے خدمات سر انجام دینے والے کو ہی بطور امیدوار حصہ لینے کی اجازت دی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جن کارکنوں نے دھرنے کے دوران محنت کی انہیں اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے بطور پنجاب کے صدر کے انتخاب لڑنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پہلے ایک اجلاس بلاؤں گا جس میں اپنی کارکردگی رکھوں گا اور دوستوں کی مشاورت اور اجازت سے حصہ لینے کا فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس(ر) وجیہہ الدین کا تنظیموں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کسی کو سنے بغیر دیا گیا جو غلط ہے ۔بیرسٹر بختیار قصوری نے کہا کہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین کے فیصلے سے پارٹی کے اندر جمہوریت کچلی گئی ،وہ پارٹی میں جمہوریت کے قاتل ہیں اور ان کے فیصلے پر عملدرآمد ہونے پر افسوس ہے ۔