سپریم کورٹ نے لڑکی کو کوڑے مارنے کی ویڈیو کو جعلی قرار دیکر ملک میں اسلا م مخالف سازشوں کا پردہ چاک کردیا ‘ راشد نسیم

اسلام و پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے کیلئے این جی اوز کو استعمال کررہی ہیں‘ نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے لڑکی کو کوڑے مارنے کی ویڈیو کو جعلی قرار دیکر ملک میں اسلا م مخالف سازشوں کا پردہ چاک کردیا ہے، جعلی ویڈیو کیس کے مجرموں کے خلاف کاروائی کا بھی اعلان کیا جاتا تو سپریم کو رٹ کا فیصلہ زیادہ موثر ہوتا ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسلام و پاکستان دشمن قوتیں پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے کیلئے این جی اوز کو استعمال کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس ڈرامے کے ہدایت کاروں اور اداکاروں کا تعین ہونا بہت ضروری ہے ،جعلی ویڈیو کے پس پردہ مقاصد کو قوم کے سامنے لا کر مجرموں کو قرار واقعی سزادی جائے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف استعماری سازشیں کوئی نئی بات نہیں ،مگر اسلام دشمنوں کے آلہ کاروں کو کھلی چھوٹ دینا اور جرم ثابت ہونے پر بھی ان کے خلاف کوئی کاروائی نہ کرنا بے حد تشویشناک ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جعلی ویڈیو کے کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی ناپاک جسارت کی جرأت نہ ہواور ملک میں اسلام مخالف سرگرمیوں کا سدباب ہوسکے۔