سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام ہونیوالے رستم زماں گاماں پہلوان دنگل کا ٹائٹل بشیر بھولا بھالا نے جیت لیا

شہباز شریف کے ویژن کے مطابق کھیلوں کو سپورٹس بورڈ پنجاب فروغ دے رہا ہے، وزیر رانا مشہود اور ڈی جی سپورٹس عثمان انور کی مبارکباد

ہفتہ 16 جنوری 2016 20:46

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 جنوری۔2016ء) سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام پنجاب سٹیڈیم میں منعقد ہونیوالے رستم زماں گاماں پہلوان دنگل کا ٹائٹل بشیر بھولا بھالا نے رستم بھکر عارف پہلوان کو چت کرکے جیت لیا، دنگل کے مہمان خصوصی مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق ایم پی اے محسن لطیف تھے،صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے ٹائیٹل جیتنے پر بشیر بھولا بھالا کو مبارکباد دی ہے، تفصیلات کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے ز یراہتمام پنجاب سٹیڈیم میں ہفتہ کے روز رستم زماں گاماں پہلوان دنگل منعقد ہوا ،چار بڑی کشیتاں ہوئیں، رستم زماں گاماں پہلوان کا ٹائیٹل بشیر بھولا بھالا نے رستم بھکر عارف پہلوان کو چت کرکے جیت لیا، مقابلہ جیتنے والے بشیر بھولا بھالا کو ایک لاکھ روپے انعام اور گرز دیا گیا، دوسرے بڑے مقابلے میں اچھو پہلوان نے مالو پہلوان کو ہرایا، ان کو 90ہزار روپے انعام دیا گیا،تیسرے بڑے مقابلے میں لاہور کے طاری پہلوان نے محسن پہلوان چاندی والا کو چت کرکے جیتا، ان کو 75ہزار روپے انعام دیا گیا، چوتھے بڑے مقابلے میں گوجرانوالہ کے قاسم گجر نے لاہور کے نومی پہلوان کو چت کرکے جیتا، ان کو 40ہزار روپے انعام دیا گیا۔

(جاری ہے)

دیسی کشتیوں کے چھوٹے مقابلوں میں نادر پہلوان نے ارشد پٹھان پہلوان، ببلو پہلوان نے خرم پہلوان، نوری پہلوان نے کمال پہلوان، وسیم پہلوان نے عمیر لسی پہلوان، اچھی پہلوان نے جھلہ پہلوان، ہیراپہلوان نے طیب پہلوان، ماما مشتاق پہلوان نے وقاص پہلوان ،بلال پہلوان نے مالو پہلوان، بالا پہلوان نے عمرپہلوان، عمر پہلوان نے کھوئے والا پہلوان، دولے شاہ پہلوان نے عامر بلوچ پہلوان ، چڑی پہلوان نے رکھا پہلوان ، دانش پہلوان نے نومی پہلوان گوجرانوالہ، جلال پٹھان پہلوان نے مالو پہلوان کو چت کیا۔

مہمان خصوصی محسن لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے روایتی کشتیوں کو فروغ دینے کیلئے دنگل کا اچھا اہتمام کیا ہے، پہلوانوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا، پنجاب حکومت پہلوانوں کو مزید سہولتیں فراہم کریگی۔دنگل کے مقابلے دیکھنے کیلئے شائقین کی بہت بڑی تعداد سٹیڈیم میں موجود تھی، شائقین نے بہترین کھیل پیش کرنے پر پہلوانوں کو بھرپور داد دی، مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق ایم پی اے محسن لطیف نے کامیاب پہلوانوں میں انعامات تقسیم کئے۔

رستم زماں گاماں پہلوان دنگل کا ٹائیٹل جیتنے پر صوبائی وزیر کھیل رانا مشہوداحمد خان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے بشیر بھوالا بھالا کو مبارکباددی ہے، اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ دنگل میں پہلوانوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، وزیراعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کے روایتی کھیلوں کو سپورٹس بورڈ پنجاب فروغ دے رہا ہے، دیسی کشیتوں کو مزید فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی رہنمائی میں پنجاب میں سپورٹس کا کلچر بحال کردیا گیا ہے، پنجاب یوتھ فیسٹیول میں بھی پنجاب کے روایتی کھیلوں کو دوبارہ زندہ کیا گیا تھا، سپورٹس بورڈ پنجاب مستقبل میں بھی روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔