پشتونوں سمیت محکوم اقوام کے وسائل کو بے رحمانہ طریقے سے لوٹا جارہا ہے ،اے این پی

وسائل پرواک و اختیار نہ ہونے سے مایوسی بے چینی اور بدظنی روزبروز بڑھتی جارہی ہے، شمولیت اجلاس سے خطاب

ہفتہ 16 جنوری 2016 23:06

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔16 جنوری۔2016ء) عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وفاق کے نام پر پشتونوں سمیت محکوم اقوام کے وسائل کو انتہائی بے رحمانہ طریقے سے لوٹا جارہا ہے وسائل پرواک و اختیار نہ ہونے کی وجہ سے یہاں پر مایوسی بے چینی اور بدظنی روزبروز بڑھتی جارہی ہے حکمران ایک بار پھر ملک اور 70ء کی دہائی کی طرف لے جارہے ہیں گوادر کاشغر اقتصادی ‘ پشتونخوا اور بلوچستان کے بجائے ایک صوبہ کے مفادات کی خاطر متنازعہ بنایا جارہا ہے اس ایشو کو عوامی نیشنل پارٹی نے سب سے پہلے اٹھایا اور آج ملک کے تمام سیاسی قومی مذہبی قیادت ہماری تائید میں پیش پیش ہیں لہٰذا وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ پشتون قوم ادراک کرلے اور ان قوتوں کا احتساب کر لیں جنہوں نے انہیں ہمیشہ خوشنما پرفریب نعروں سے ورغلایا عوامی نیشنل پارٹی قوم کو یہ یقین اور باور کراتی ہے کہ ان کی قومی سیاسی جمہوری اور معاشی حقوق پر کسی زور آور اور بالادست طبقے کی بدمعاشی زور زبردستی سے خائف ہوئے بغیر ہر فورم پر ان کے جملہ حقوق کے محافظ بن کر ہر میدان کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کیلئے ہم وقت تیار رہیں گے پشتونوں کی فکر باچا خان سے وابستگی اور ہم آہنگی سے یہ امید پیدا ہو چکی ہے کہ انشاء اﷲ پشتون وطن سے رجعت پسندی ‘ انتہاء پسندی ‘ دہشت گردی فرسودہ قبائلی روایات اور آمرانہ سوچ کا خاتمہ ہو کر رہے گا ان خیالات کا اظہار عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی اسد خان اچکزئی ‘ سردار وہاب ‘ عبدالخالق حقمل ‘ سمیع اﷲ ‘ عجب خان اوربشیر خان نے ہندؤ سوز محلہ حاجی پیر محمد میں حاجی عبدالمنان کی رہائش گاہ پر جمعیت نظریاتی ‘ پشتونخوامیپ اور جماعت اسلامی سے حاجی عبدالمنان ‘ دارو خان ‘ بشیر احمد ‘ سمیع اﷲ ‘ عجب خان ‘جمال الدین طورک کی قیادت میں 47 افراد خاندانوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کرنے کے موقع پر خطاب کے دوران کیا دریں اثناء باچا خان مرکز سے جاری کردہ صوبائی بیان میں گزشتہ روز کلی کربلا میں میڈیکل سٹور پر فائرنگ اور ڈکیتی کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی نااہلی ‘ کوتاہی سے تعبیر کیا مٹھی بھر شرپسند ‘ سماج دشمن عناصر نے شریف شہریوں کا جینا حرام کر رکھا ہے اور بڑی دیدہ دلیری سے سرشام گلی کوچوں میں سفید پوش نہتے عوام کو گن پوائنٹ کی نوک پر یاد تو اغواء کیا جاتا ہے یا پھر اس کی جان لینے کی بھی پروا ہ نہیں کرتے عوامی نیشنل پارٹی نے بارہا امن وامان کی مخدوش صورتحال پر احتجاج اور مظاہرے کئے لیکن حکمران عوام کو بے یار مدد گار چھوڑ کر اپنی ذاتی خواہشات گروہی مفادات کو مقصد بنا بیٹھے ہیں بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ ملزمان کو فوری گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دی جائے یاد رہے کہ واقعہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے دو کارکنان شدید زخمی ہوئے تھے