اسلام آباد سمیت پنجاب میں دھند کا راج ، حد نظر صفر، موٹروے جزوی طور پر بند، فلائٹ آپریشن معطل

دھند کے باعث حادثات میں تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ، لاہور،اسلام آباد، فیصل آباد،پشاور جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر حد نظر صفر ہو جانے سے شہریوں کو سفر میں شدید پریشانی کا سامنا ، جی ٹی روڈ اور موٹروے پر بے حد دھند کے باعث شہریوں کوغیر ضروری سفر کرنے سے گریز اورفوگ لائٹس استعمال کرنے اور سفر کے دوران محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت محکمہ موسمیات کی پنجاب ، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کی پیشگوئی

اتوار 17 جنوری 2016 13:05

اسلام آباد سمیت پنجاب میں دھند کا راج ، حد نظر صفر، موٹروے جزوی طور ..

اسلام آباد /لیہ /لاہور (آئی این پی) وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند کے باعث حد نظر صفر ہو گئی جس کے باعث موٹروے کو جزوی طور پر بند کر دیا گیا ،پروازوں کا شیڈول بھی متاثر ہو کر رہ گیا، دھند کے باعث حادثات میں تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے، لاہور،اسلام آباد، فیصل آباد،پشاور جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر حد نظر صفر ہو جانے کے باعث شہریوں کو سفر میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بیشتر شہروں میں جی ٹی روڈ اور موٹروے پر بے حد دھند کے باعث شہریوں کوغیر ضروری سفر کرنے سے گریز اورفوگ لائٹس استعمال کرنے اور سفر کے دوران محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی گئی ، محکمہ موسمیات نے پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کی پیشگوئی کی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق دھند کے باعث لاہور،اسلام آباد، فیصل آباد،پشاور جی ٹی روڈ اور موٹر وے پر حد نظر صفر ہو جانے کے باعث شہریوں کو سفر میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔راولپنڈی ایکسپریس وے پر حد نظر 30میٹر سے بھی کم رہ گئی ۔ حکام کی جانب سے موٹروے کو متعدد مقامات پر بند کر دیا گیا ۔ دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بھی بری طرح متاثر ہوا ہے اور اندرون ملک و بیرون ملک جانے والی متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ۔

حکام کی جانب سے ملک کے بیشتر شہروں میں جی ٹی روڈ اور موٹروے پر بے حد دھند کے باعث شہریوں کوغیر ضروری سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں۔شہریوں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے اور سفر کے دوران محتاط ڈرائیونگ کی بھی ہدایت کی گئی ۔نوابشاہ میں دھند کے باعث حادثات میں تین افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔

موسم کی تازہ ترین صورتحال کے مطابق پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں آگئے ۔فیصل آباد میں حد نگاہ 20، جھنگ 40، ٹوبہ ٹیک سنگھ ،ڈیرہ غازی خان 50، جوہرآباد 90،بھکر،ساہیوال 100،راولپنڈی،کوٹ ادو، اوکاڑہ 200، شہیدبینظیرآباد 400،گجرات 500، ملتان، منگلہ 800اور جہلم، سیالکوٹ، جیوانی، نور پور تھل میں 1000 میٹر رہی ۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

تاہم ژوب ، مالاکنڈ ڈویژن بالائی فاٹا اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طو پر ابرآلود رہنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنیکا امکان ہے۔اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے اکثر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اورصبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنیکا امکان ہے۔

یکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت سکردومنفی 11،استورمنفی 08 ، گوپس،کالام منفی 06،پاراچنار منفی05، کوئٹہ، گلگت، دیر منفی 03 ، راولاکوٹ، مالم جبہ منفی 02، مری اور ژوب،دالبندین میں منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی شدید دھند کے باعث حد نگاہ 30 میٹر سے بھی کم ہو گئی جس کی وجہ سے بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر اندرون و بیرون ملک سے آنے والی پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا۔ شدید دھند کے باعث کراچی، کوئٹہ اور گلگت سے آنے والی پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں جب کہ دوبئی، جدہ، مدینہ، شارجہ، کوپن ہیگن، لندن، مانچسٹر، استنبول، کویت اور دوہا سے آنے والی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔