وسائل قوم کی امانت ہیں، ان کا بروقت استعمال یقینی بنانا متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے،تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کیلئے روایتی انداز چھوڑ کرانفرادیت اور جدت سے کام کرنا ہوگا،وزیراعلیٰ پنجاب کا اجلاس سے خطاب، شہبازشریف کا ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں تاخیر پر برہمی کا اظہار،منصوبے کے بعض امور میں تاخیر پر متعلقہ حکام کی سرزنش،کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت

اتوار 17 جنوری 2016 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے منصوبے کے بعض امور میں تاخیر پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اورکہا کہ روایتی انداز چھوڑ کر منصوبوں کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لئے انفرادیت اور جدت سے کام کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور ان کا بروقت استعمال یقینی بنانا متعلقہ محکمے کی ذمہ داری ہے ۔ منصوبے کے بعض ضروری امور میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وسائل کے استعمال میں تاخیر کسی صور ت برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی منصوبے میں ہونے والی تاخیرکے تمام امور کا جائزہ لیکر رپورٹ پیش کرے گی۔ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ ڈویلپمنٹ کمپنی کے چےئرمین نعیم سرفراز کی ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ ڈویلپمنٹ کے منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر آبپاشی یاور زمان ،سیکرٹریز خزانہ ،آبپاشی اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :