دہشتگردوں کی نرسریاں پنجاب میں ہیں، دہشتگردی کرنے والی ساری جماعتیں پنجاب میں ہیں،ملک میں کسی کو ٹیکس دینے کی عادت نہیں ،چوہدری نثار کا پچھلے اڑھائی سال میں شکی کردار رہا ہے، وہ جمہوری نظام لپیٹ کر پرانی خواہش کو زندہ کرنا چاہتے ہیں، موجودہ حکومت نے ریکارڈقرضے لئے ہیں،اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 17 جنوری 2016 23:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17جنوری۔2016ء) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی کو ٹیکس دینے کی عادت نہیں ہے ۔ دہشتگردی کرنے والی ساری جماعتیں پنجاب میں ملیں گی، چوہدری نثار کا پچھلے اڑھائی سال میں شکی کردار رہا ہے لگتا ہے کہ وہ جمہوری نظام کر لپیٹ کر پرانی خواہش کو زندہ کرنا چاہتے ہیں۔وہ اتوار کو نجی ٹی وی پروگرام سے گفتگو رکر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی نرسری پنجاب میں ہے کیونکہ دہشتگردی کرنے والی ساری جماعتیں پنجاب میں ہیں ۔پنجاب میں سندھ سے زیادہ قتل کی وارداتیں ہورہی ہیں ۔خورشید شاہ نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال سے چوہدری نثار کا کردار ”شکی“ کردار رہا ہے۔ میاں نواز شریف نے چوہدری نثارکو سندھ کا دورہ کرنے کا کہا مگر ایسا نہیں ہوا اس سے لگتا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری ، وزیر اعظم کا حکم نہیں مانتے۔

(جاری ہے)

سرکاری ہینڈآؤٹ کے باجود چوہدری نثار کا سندھ نہ آنا شکوک بڑھاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز معاملہ پر اب گیند وزیراعظم اور ودفاق کے کورٹ میں ہے ۔ یہ مسئلہ اب خود ان کو حل کرنا ہوگا ۔وزیراعظم خود یا وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو بیچ میں ڈال کر مسئلہ حل کریں۔خورشید شاہ نے کہا کہ چوہدری نثار جان بوجھ کر سسٹم کے پیچھے پڑے ہیں۔وہ چاہتے ہیں کہ ایسے حالات بن جائیں کہ لڑائیاں شروع ہو جائیں ۔

وزیرداخلہ جمہوری نظام کو لپیٹ کر پرانی خواہش زندہ کرنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کسی سے لڑائی نہیں کرنا چاہتا، اپوزیشن لیڈ ر نے کہا کہ ملک میں کوئی کرپشن کو اچھا نہیں کہتا۔ پاکستان میں کسی کو ٹیکس دینے کی عادت نہیں ۔ 2,2ہزار گز کے بنگلوں میں رہنے والے بھی ٹیکس ادا نہیں کرتے ۔خورشید شاہ نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کی حکومت خیبر پختونخواہ میں دیکھ لی۔ سی پیک کے معاملے پر مسلم لیگ ن اکیلی کھڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ریکارڈ توڑ قرضے لئے ہیں ۔