کرکٹ ، فٹبال کے بعد ٹینس کے عالمی مقابلوں میں اعلیٰ ترین سطح پر مبینہ میچ فکسنگ کا انکشاف

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 18 جنوری 2016 11:30

کرکٹ ، فٹبال کے بعد ٹینس کے عالمی مقابلوں میں اعلیٰ ترین سطح پر مبینہ ..

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 18 جنوری۔2015ء) لان ٹینس کے کھیل میں ومبلڈن سمیت بڑے عالمی مقابلوں میں اعلیٰ ترین سطح پر مبینہ میچ فکسنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ ایک دہائی میں عالمی درجہ بندی میں ابتدائی 50 مقامات پر موجود کھلاڑیوں میں سے 16 کے خلاف یہ شکایات درج کی گئیں کہ ان پر شک ہے کہ وہ جان بوجھ کر میچ ہارے۔ان کھلاڑیوں میں سے کچھ گرینڈ سلیم مقابلوں کے فاتح بھی رہ چکے ہیں۔

یہ شکایات عالمی ٹینس کے ’انٹیگرٹی یونٹ‘ کے پاس درج کروائی گئیں جس کا قیام کھیل میں بدعنوانی پر نظر رکھنا ہے تاہم شکایات کے باوجود ان تمام کھلاڑیوں کو عالمی مقابلوں میں شرکت کرنے کی اجازت دی جاتی رہی۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق دستاویزات میں عالمی ٹینس کی منتظم تنظیم ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز کی جانب سے 2007 میں شروع کی گئی تحقیقات کی رپورٹ بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

کمیٹی کا کام تھا کہ وہ نکولے ڈیویڈنکو اور مارٹن واسلیو آرگوئیلو کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں سٹے بازی کے معاملے کی تحقیقات کرے۔اگرچہ ان دونوں کھلاڑیوں کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا تاہم تحقیقات کا دائرہ دنیائے ٹینس کے بڑے کھلاڑیوں کے سٹے بازوں سے روابط تک پھیلا دیا گیا تھا۔ دستاویزات میں روس، شمالی اٹلی اور سسلی میں سٹے باز گروہ کی موجودگی سامنے آئی اور تفتیش کاروں کو ان میچوں کے بارے میں بھی پتہ چلا جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ فکس کیے گئے تھے۔

ان میچوں میں سے تین مقابلے ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے بھی تھے۔ 2008 میں دی گئی ایک رپورٹ میں تفتیشی ٹیم نے کہا تھا کہ ان میچوں میں حصہ لینے والے 28 کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات ہونی چاہییں تاہم وہ معاملہ آگے نہیں بڑھ سکا۔اے ٹی پی نے 2009 میں انسدادِ بدعنوانی کے نئے ضوابط متعارف کروائے تھے لیکن قانونی مشاورت کے بعد اسے یہ معلوم ہوا تھا کہ وہ اس کے تحت ماضی میں بدعنوانی کی تحقیقات نہیں کر سکتی۔

ٹینس انٹیگریشن یونٹ (ٹی آئی یو) کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ اسی وجہ سے ان کھلاڑیوں کے خلاف نئی تحقیقات نہیں کی جا سکیں جن کا ذکر 2008 کی رپورٹ میں کیا گیا تھا۔بعد میں آنے والے برسوں میں بھی ان کھلاڑیوں میں سے تقریباً ایک تہائی کے خلاف ٹی آئی یو کو خبردار کیا گیا تاہم ان کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔حال ہی میں دنیائے ٹینس میں بدعنوانی کو منظرِ عام پر لانے کے خواہشمند کچھ افراد نے اس سلسلے میں دستاویزات بی بی سی اور بزفیڈ نیوز کو دی ہیں۔

یہ افراد اپنی شناخت ظاہر نہیں کرنا چاہتے۔ ادارے نے دستاویزات کی روشنی میں مارک فلپس سے رابطہ کیا جو 2007 کی تحقیقات کا حصہ تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایک مخصوص گروپ مسلسل سٹے بازی کی مبینہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔دس کے قریب کھلاڑی ایسے تھے جن کے بارے میں ہمیں یقین تھا کہ یہ ان حرکات میں ملوث ہیں اور مسائل کی جڑ ہیں۔مارک فلپس نے یہ بھی کہا کہ ثبوت بہت ٹھوس تھے۔ اس وقت اس برائی کے پنپنے سے قبل ہی اس کا قلع قمع کرنے کا موقع تھا۔

متعلقہ عنوان :