تعمیراتی کاموں والے پوائنٹس پر حفاظتی شیلڈز،فوگ لائٹس ،اور ریفلیکٹرز کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت

سی ٹی او کااورنج لائن ٹرین منصوبے کے تعمیراتی علاقوں میں ٹریفک کی مزید بہتری کیلئے وزٹ،متعلقہ محکموں کو بھی تحریری طور پر آگاہ کردیا تین شفٹوں میں مامور وارڈنز دوران ڈیوٹی شہریوں سے نرمی سے پیش آتے ہوئے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں،طیب حفیظ چیمہ

پیر 18 جنوری 2016 15:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔18 جنوری۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنانے اور شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے تعمیراتی علاقوں اور شہر بھر کا وزٹ کیا ۔انہوں نے تعمیراتی کاموں والے پوائنٹس پر حفاظتی شیلڈ،فوگ لائٹس اور ریفلیکٹرزکی تنصیب یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کی ،اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کو بھی تحریری طور پر آگاہ کردیا گیاہے۔

سی ٹی اونے کہا کہ ڈی ایس پیزمتعلقہ افراد کو پابند کریں کہ وہ تعمیراتی کاموں کیلئے استعمال ہونے والی کرین ، ہیوی مشینری پر چمکیلے سٹکر اور ریوالونگ لائٹس نصب کروائیں۔ طیب حفیظ چیمہ نے باغبانپورہ،گڑھی شاہو،لکشمی چوک ،جین مندراورسمن آباد کے اورنج لائن ٹرین روٹ کے تعمیراتی علاقوں کا وزٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت،ٹریفک کی روانی اور قوانین کی پاسداری سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں ،اس سلسلے میں تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ۔

سی ٹی او نے کہا کہ وارڈنز عوام کی خدمت کا جذبہ لے کر کام کریں،انکی فلاح وبہبود کیلئے بھی ہر ممکن اقدامات کےئے جا رہے ہیں،دوران ڈیوٹی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے وارڈنز کو نقد انعام دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ پر تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے سے مصروف عمل ہیں ،سٹی ٹریفک پولیس نے پراجیکٹ روٹ پر تین شفٹوں میں وارڈنز تعینات کےئے ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں پرابلم نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین روٹ پر تعینات اضافی نفری کے علاوہ اگر کسی پوائنٹ پر مزید نفری درکار ہو تو متعلقہ ڈی ایس پی نفری منگوا سکتے ہیں علاوہ ازیں ڈائیورشن پر تعینات وارڈنز نرمی اور شفقت سے شہریوں کی راہنمائی کریں۔ سی ٹی او نے کہا کہ کہ وارڈنز کا کردار ہمارے معاشرے میں رول ماڈل ہے جو کہ ہر وقت براہ راست شہریوں سے وابستہ رہتے ہیں۔ وارڈنز اپنی ڈیوٹی کو عبادت سمجھ کر کریں اور ہمہ وقت جذبہ خدمت خلق سے سرشار ہوں۔ وارڈنز ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے ایجوکیٹ کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں تاہم اس دوران شہریوں سے رویہ انتہائی نرم اور شائستہ رکھیں۔