مارشل لاء نے منزل سے دور کیا ،باہمی اختلافات ختم نہ کئے تو ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے‘ محمود خان اچکزئی

پیر 18 جنوری 2016 16:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اگر ملک میں جمہوری تسلسل برقرار رہتا تو ہمارے ادارے بھی مضبوط ہوتے، باہمی اختلافات ختم نہ کئے تو ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے،سعودی عرب اور ایران کے تعلقات معمول پر نہ آئے تو مسلم ممالک کا شیرازہ بکھر جائے گا اس سلسلے میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی کوششیں خوش آئند ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر پیر مسعود چشتی سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ جمہوریت ،آزاد عدلیہ اور آئین کی حکمرانی سے ہی ملک کو یکجا رکھا جا سکتا ہے ،جھگڑے ناانصافی سے جنم لیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستانی فوج اور حساس ادارے دنیا میں سب سے بہتر ہیں اسی لئے چاہتے ہیں کہ سیاست میں فوج کا کوئی کردار نہ ہو ۔

بھارت نے آزادی حاصل کرتے ہی اپنے اداروں کو مضبوط کیا ،مگر ہم ایسا نہ کر سکے۔اگر ملک میں جمہوری تسلسل برقرار رہتا تو ہمارے ادارے بھی مضبوط ہوتے۔ملک میں لگنے والے بار بار کے مارشل لاء سے ہم منزل سے دور ہوتے گئے۔ باہمی اختلافات ختم نہ کئے گئے تو ملک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ادارے آئین اور قانون کے دائرہ اختیار میں رہ کر فیصلے کریں اور ہر مسئلے کے لئے پارلیمنٹ سے رجو ع کیا جائے تو ہم جلد منزل پر پہنچ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے تعلقات معمول پر نہ آئے تو مسلم ممالک کا شیرازہ بکھر جائے گا اس سلسلے میں وزیراعظم اور آرمی چیف کی کوششیں خوش آئند ہیں۔

متعلقہ عنوان :