صوبائی زکوۃ کونسل نے دینی و تعلیمی وظائف کی مد میں 5کروڑ 25لاکھ روپے کے اجرا کی منظوری دیدی

تعلیمی وظائف جنرل کے لیے 2کروڑ 43لاکھ ، دینی وظائف کے لیے 2کروڑ 83لاکھ روپے دئیے جائیں گے سماجی بحالی کی سکیم کی مد میں امدادی رقم 2لاکھ سے بڑھا کر 3لاکھ روپے کردی گئی،خواتین کو ایک کروڑ کی مالیت کی سلائی مشینیں دی جائیں گی‘چیئرمین صوبائی زکوۃ کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی زیر صدارت کونسل کے 161ویں اجلاس میں فیصلے

پیر 18 جنوری 2016 17:23

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 جنوری۔2016ء) صوبائی زکوۃ کونسل نے 2015-16کے لیے تعلیمی وظائف برائے دینی مدارس اور تعلیمی وظائف جنرل کی مد میں 5کروڑ 25لاکھ 65ہزار روپے کے اجرا کی منظوری دے دی ہے اور یہ رقم مستحق طلبا و طالبات کو فوری طور پر جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس امر کافیصلہ یہاں چیئرمین صوبائی زکوۃ کونسل جسٹس (ر) اختر حسن کی سربراہی میں ہونے والے کونسل کے 161ویں اجلاس میں کیا گیا جس میں صوبائی سیکرٹری زکوۃ و عشر حبیب الرحمن گیلانی، ایڈمنسٹریٹر زکوۃ پنجاب محمد یوسف بٹ ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر زکوۃ (فیلڈ)رانا محمد سجاد بابر ، اراکین کونسل سعید احمد انصاری، محمد اظہر فاروقی ، محترمہ تنویر کوثر، محکمہ خزانہ ،لوکل گورنمنٹ اورسوشل ویلفیئرکے محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلعی زکوۃ کمیٹیوں کو تعلیمی وظائف ریگولر کے لیے صوبہ کے 15اضلاع کے 136تعلیمی اداروں کے لیے 2کروڑ 42لاکھ 66ہزار روپے کی منظوری دی جس سے ان اداروں میں زیر تعلیم 4823طلبا و طالبات مستفید ہوں گے جبکہ تعلیمی وظائف برائے دینی مدارس کی مد میں صوبہ کے 12اضلاع کے 892دینی مدارس کے لیے 2کروڑ 83لاکھ روپے کے اجرا کی بھی منظوری دے دی جس سے12329طلبا و طالبات مستفید ہوں گے۔

سیکرٹری زکوۃ وعشر حبیب الرحمن گیلانی نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ دینی مدارس اورجنرل تعلیمی اداروں کومختص کی گئی رقوم کا بروقت اجراء یقینی بنانے کے لیے متعلقہ ضلعی زکوۃ کمیٹیاں ششماہی فنڈز کے حصول کے لیے اپنی درخواستیں 31جولائی اور یکم فروری سے قبل جمع کروائیں ورنہ اس رقم کو دیگر ضلعی زکوۃ کمیٹیوں میں تقسیم کردیا جائے گا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اضلاع میں تعینات زکوۃ پیڈ سٹاف اور تعلیمی وظائف جنرل کی مد میں دی جانے والے رقوم کو موبائل بینکنگ کے ذریعے تقسیم کیا جائے تاکہ انہیں رقم کے حصول میں تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے اور اس سکیم کا پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر صوبہ کے 5اضلاع سے آغاز کیا جائے ۔

اجلاس میں خود روزگار سکیم کے حوالے سے مستحقین کو فراہم کی جانے والی امدادی رقوم میں اضافے کا بھی فیصلہ کیا گیا اور اس کی حد کو 2لاکھ سے بڑھا کر 3لاکھ روپے کرنے کی بھی منظوری دی گئی تاکہ اس سکیم سے استفادہ کرنے والے زیادہ بہتر طریقے سے اپنے کاروبار کا آغاز کرسکیں۔اجلاس میں کونسل کے اراکین نے سنٹرل پول (سماجی بحالی سکیم)کے تحت مستحق خواتین میں سلائی مشینوں اور مستحق افراد میں آٹو رکشہ کی فراہمی کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیااور ابتدائی طور پر ڈویژن کی سطح کے 9اضلاع لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں 70رکشہ تقسیم کرنے جبکہ مستحق خواتین میں ایک کروڑ روپے کی مالیت کی سلائی مشینیں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور ان تمام معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے باقاعدہ کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔