سٹیفن کک انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقن سکواڈ میں شامل

پیر 18 جنوری 2016 22:19

سٹیفن کک انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقن سکواڈ میں شامل

جوہانسبرگ ۔ 18 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جنوری۔2016ء) کرکٹ جنوبی افریقہ کی سلیکشن کمیٹی نے اوپنر سٹیفن کک کو ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کیلئے ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔ انہوں نے ڈومیسٹک ایونٹ سنفوئل سیریز میں اب تک 83 کی اوسط سے 415 رنز سکور کئے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ 165 فرسٹ کلاس میچوں میں 11427 رنز سکور کر چکے ہیں جس میں 35 سنچریاں شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ان کے والد جمی کک جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں، اگر سٹیفن کک کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کیپ مل جاتی ہے تو باپ بیٹے کو جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹیسٹ کھیلنے کا منفرد اعزاد حاصل ہو جائے گا۔ جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے مابین چوتھا اور آخری ٹیسٹ 22 جنوری سے شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم انگلینڈ کو سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔