اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملی ہے ، دونوں ممالک کے نجی شعبے کا غیر معمولی دلچسپی کا اظہار انتہائی خوش کن امر ہے ،پاکستان اور چین کے آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کی توقعات پر پورے اْترے ہیں

صدر مملکت ممنون حسین کاپاک چائنا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیے سے خطاب

پیر 18 جنوری 2016 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔18 جنوری۔2016ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات کو نئی جہت ملی ہے اور دونوں ممالک کے کے نجی شعبے نے بھی اس میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا ہے جو کہ ایک انتہائی خوش کن امر ہے ،اس طرح دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مزید فروغ ملے گا،پاکستان اور چین کے آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کی توقعات پر پورے اْترے ہیں۔

وہ پیر کو ایوانِ صدر میں پاک چائنا فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے اعزاز میں اپنی طرف دیے گئے استقبالیے سے خطاب کررہے تھے جس میں ایسوسی ایشن کے اعزازی چیئرمین ایمبیسڈرشادوکانگ، وفد کے دیگر ارکان کے علاوہ اسلام آباد میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ، وفاقی وزراء اور دیگر مہمانان گرامی بھی شریک تھے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کی توقعات پر پورے اْترے ہیں لیکن اقتصادی راہداری منصوبے کی مفاہمت پر دستخطوں کے بعد ہمارے تعلقات نے نئی کروٹ لی ہے اور ہماری اقتصادی رشتوں میں مزید گہرائی پیدا ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبے نے اقتصادی راہداری اور باہمی تجارت میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کی حکومتیں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ہیں جو ایک مثبت اقدام ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ حکومت پاکستان کی میکرو اکنامک پالیسیوں کے نتیجے میں ہمارے زرمبادلہ کے زخائر میں اضافہ ہو ا ہے۔ اسی طرح جی ڈی پی میں قابل قدر اضافہ ہو ا ہے جبکہ گزشتہ دو سالوں میں بڑی حدمالی خسارے میں کمی ہوئی ہے۔

پاکستان کی ایک اْبھرتی ہوئی معیشت ہے جس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایسے لچکدار اور موزوں قوانین بنائے گئے ہیں جن کی پورے خطے میں مثال نہیں ملتی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان فری ٹریڈایگریمنٹ کے بعد باہمی تجارت میں اضافہ ہو اہے لیکن اس میں مزید اضافے کے لیے کام کرنے کی ضرورت ہے انہوں نے پاک چین فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے وفد کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اسلام آباد کے بعد لاہور اور کراچی کے تاجروں اور صنعت کاروں کے بھی اس وفد کی ملاقاتیں کامیاب رہیں گی اور دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گی۔