لاہور ، اسلام آباد، ملتان اور پشاور میں دھند کا راج، پروازوں کا شیڈول متاثر

منگل 19 جنوری 2016 12:11

اسلا م آ با د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جنوری۔2016ء) لاہور ، اسلام آباد، ملتان اور پشاور سمیت میدانی علاقوں میں دھند کا راج ہے جس کے باعث پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ہے جبکہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر رات گیارہ بجے سے کوئی فلائٹ لینڈ نہ کر سکی۔ترجمان موٹروے کے مطابق نیشنل ہائی وے پر ساہیوال سے رحیم یار خان تک حد نگاہ صفر سے20 میٹر رہ گئی ، نیشنل ہائی وے پر لاہور سے ساہیوال تک حد نگاہ 50 سے 100 میٹر ہو گئی۔

موٹروے ایم 2 پر لاہور سے راولپنڈی تک دھند کے باعث حد نگاہ 50 سے100 میٹر ہو گئی۔ موٹر وے کے ایم 3 پر پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک حد نگاہ 100 سے 150 میٹر تک رہ گئی۔ترجمان موٹروے کا کہنا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں اور شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران پنجاب کے میدانی علاقوں، پشاور ڈویژن اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

ادھر لاہور اور گردو نواح میں دھند میں کمی آنے پر لاہور سے شیخوپورہ تک موٹروے کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ،رات گئے شدید دھند کے باعث لاہور سے شیخوپورہ موٹروے کو بند کرنا پڑا تھا ،صبح دھند میں کمی آنے پر ٹریفک کو کھول دہا گہا جس کے بعد ٹریفک رواں دواں ہے۔موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق لاہور سے رحیم یار خان نیشنل ہائی وے پر حد نگاہ 20 میٹر ہے،ٹریفک رواں دواں ہے،غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں،دوسری طرف موٹروے پولیس اپنی نگرانی میں ٹریفک کو کنٹرول کر رہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں گاڑیاں چلانے والے ہیلپ لائن 130 پر کال کریں ،دھند والی لائٹس کو چلا کر گاڑیاں چلائی،دھند کے باعث لاہور شہر میں شدید سردی ہے ۔