اسلام آباد: سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کے حلقے میں‌ووٹوں‌کی تصدیق کروانے کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 19 جنوری 2016 12:59

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کے حلقے میں‌ووٹوں‌کی تصدیق کروانے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 جنوری 2016ء) : سپریم کورٹ میں این اے 110 میں انتخابی عذر داری سے متعلق عثمان ڈار کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے عدالت نے سماعت کی ۔ جس میں سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کے حلقے میں ووٹوں کی تصدیق کروانے کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو حکم دیا کہ این اے 110 بیلٹ پیپرز اور کاؤنٹر فائلز پر انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق کے لیے فائلز نادرا کو بھجوائی جائیں۔

ووٹوں کی تصدیق کے اخراجات مخالف اُمیدوار عثمان ڈار برداشت کریں گے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ نادرا ووٹوں کی تصدیق کر کے 3 ماہ میں رپورٹ پیش کرے۔ اس سے قبل عثمان ڈار نے الیکشن ٹربیونل میں بھی درخواست دائر کی تھی جس میں عثمان ڈار نے خواجہ آصف پر دھاندلی کا الزام عائد کیا تھا، عثمان ڈار کی اس درخواست کو الیکشن ٹربیونل نے 26 اپریل 2014ء کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

چیف جسٹس نے سماعت کے دوران کہا کہ الیکشن ٹربیونل نے بغیر وجہ کے درخواست مسترد کی ، لگتا ہے الیکشن ٹربیونل نے غصے میں فیصلہ کیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹربیونل کی جانب سے درخواست مسترد کرنے کی کوئی وجوہات بھی بیان نہیں کی گئیں۔ دوسری جانب خواجہ آصف کے وکیل نے ریکارڈ نادرا کو بھجوانے کی مخالفت کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :