لاہور میں زہریلی شراب پینے والے مزید تین دوست دم توڑ گئے ، ہلاکتوں کی تعداد 6ہو گئی

منگل 19 جنوری 2016 14:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء) لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں زہریلی شراب پینے والے مزید تین دوستوں کے دم توڑنے سے ہلاکتوں کی تعداد 6ہو گئی ، پولیس نے شراب بیچنے کے شبہ میں آصف نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا تو ملزم فرار ہو گیا تاہم پولیس نے اس کے والد کو حراست میں لے لیا ۔تفصیلات کے مطابق یوحنا آباد نشترکالونی کے چھ دوست پیر کی سہ پہر اکٹھے ہوئے تو گپ شپ کے بعد شراب کی محفل سجائی گئی ۔

شراب پینے کے بعد جب شام کو گھروں پہنچے تو سب کی طبیعت بگڑگئی انہیں فوری طور پر جنرل ہسپتال پہنچایا گیا ،جہاں چند ہی گھنٹوں میں تین دوست گوہر ،اعجاز اور بوٹا دم توڑ گئے ،دیگر تین دوستوں قاسم مسیح ، سموئیل اور شیرا کی طبیعت بھی نہ سنبھلی اور وقفے وقفے سے چل بسے۔

(جاری ہے)

چوبیس گھنٹے میں مرنیوالوں کی تعداد 6تک جا پہنچی ہے ۔ لاشیں گھر پہنچنے پر پولیس بھی پہنچ گئی اور لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے جناح ہسپتال کے ڈیڈ ہاؤس بھجوا دیا ۔

چھ دوستوں کی موت پر علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی ، گھروالے اور رشتہ دارغم کی تصویر بنے نظر آئے۔ واقعے کے بعد نشتر کالونی پولیس شراب بیچنے کے شبہ میں آصف نامی شخص کے گھر پر چھاپہ مارا تو ملزم آصف فرار ہو گیا تاہم پولیس نے اس کے والد مختار کو حراست میں لے لیا جبکہ ہسپتال میں زیر علاج ایک شخص کے بیان کی روشنی میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے،مزید کارروائی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے پرکی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :