تجاوزات، رانگ پارکنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید موثر بنانے کیلئے 40اضافی سکواڈز قائم

ڈی ایس پیزسڑکوں پر موجود رہتے ہوئے اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کی کامیابی کیلئے اقدامات کریں، تجاوزات قائم کرنے پر4055افراد کے خلاف مقدمات درج کےئے،تجاوزات ،رانگ پارکنگ کی شکایت آنے پر متعلقہ سیکٹر انچارج کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی ،طیب حفیظ چیمہ

منگل 19 جنوری 2016 16:54

لاہور((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جنوری۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کے بہاؤ کو یقینی بنانے کیلئے شہر بھر میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف وسیع پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے جبکہ اس سلسلے میں اضافی 40اسکواڈزبھی تعینات کردےئے گئے ہیں۔طیب حفیظ چیمہ نے سی ٹی او آفس میں تمام سرکل افسران سے میٹنگ کی اور کریک ڈاؤن کو مزید موثر بنانے کیلئے احکامات جاری کےئے ۔

انہوں نے کہا کہ جس سیکٹر میں تجاوزات اور رانگ پارکنگ کی شکایات موصول ہوئی اس انچارج کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی سی ٹی او نے کہا کہ 2/2وارڈنز پر مشتمل سکواڈز موٹر سائیکل پر پٹرولنگ کرتے ہوئے ضلع پولیس کے ہمراہ تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خلاف انسدادی کارروائی کریں گے اس سلسلے میں کوئی سفارش قبول نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی رواں مہم کے دوران تجاوزات اور رانگ پارکنگ کے خلاف ابتک4055افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے ہیں۔طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ مال روڈ پر 11،فیروز ،پور روڈ6،جیل روڈ5،مین بلیوارڈ2،کینال روڈ 9،لٹن روڈ2،علامہ اقبال روڈ2،سیکریٹریٹ ،سیشن کورٹ اور شاہ عالم چوک میں ایک ایک سکواڈ تعینات کےئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام سکواڈز کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایس پیز کی نگرانی میں کارکردگی رپورٹ روزانہ دفتر ارسال کریں گے۔

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ سڑکوں اور مارکیٹوں کے گردونواح میں رش کے اوقات میں رانگ پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے ۔سی ٹی او نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ رش کے اوقات میں خود سڑکوں پر موجود رہیں۔پٹرولنگ آفیسر زاور پوائنٹس ڈیوٹی کرنے والے اہلکار محنت اورذمہ داری سے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کا رلاتے ہوئے ڈیوٹی کریں۔