ٹیکنالوجی پارک کی تعمیرپر1.5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری چین کرے گا ،یہ پارک1500نوجوانوں کو روز گار فراہم کریگا ،اس منصوبے کے لئے رانا تنویر حسین کی کوشش کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا

مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا کابیان

منگل 19 جنوری 2016 18:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔19 جنوری۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر زمرد یاسمین رانا نے کہا ہے کہ ٹیکنالوجی پارک کی تعمیرپر1.5ارب ڈالر کی سرمایہ کاری چین کرے گا ،یہ پارک1500نوجوانوں کو روز گار فراہم کریگا ،اس منصوبے کے لئے رانا تنویر حسین کی کوشش کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ،راناتنویر حسین نے دن رات محنت کرکے اس منصوبہ متعارف کرایا ہے ۔

منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ دیہی عوام کو جہاں زرعی اجناس کا مناسب معاوضہ نہ ملنے اور کھاد ،بیج اور پانی کی مہنگے نرخوں دستیابی کے مسائل درپیش رہے وہیں انہیں اپنی پیداوار کو فوری منڈیوں تک لیجانے اور منڈی پہنچنے تک ایک چوتھائی سے زائد پیداوار ضائع ہو جانے کے سنگین مسائل بھی درپیش رہے جس کی بڑی وجہ فارم سے مارکیٹ تک سڑکوں کی عدم دستیابی اور موجود سڑکوں کی ناگفتہ بہ حالت بھی ہے جس سے دور دراز کے دیہاتوں کے کسان اپنی پیداوار کئی کئی دن تک منڈیوں تک پہنچانے میں ناکام رہتے ہیں اور یوں انہیں اپنی خون پسینے کی کمائی کا انتہائی کم معاوضہ ملتا ہے اور ان کی معاشی حالت میں کوئی بہتری نہیں آتی ۔

(جاری ہے)

کسانوں کی انہی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں دیہات کو شہروں سے ملانے کیلئے تعمیر کی گئی سڑکوں کو بہتر کرنے کیلئے ایک جامع پروگرام کا منصوبہ تشکیل دیا گیا تا کہ صوبے کے ہر گاؤں کو معیاری سڑک دستیاب ہو اور کاشتکارمشکل اور پریشانی کے بغیر اپنی فصلوں کو فوری منڈیوں تک پہنچا کر اپنی محنت کا مناسب معاوضہ وصول کر سکیں ۔اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی خصوصی ہدایت اور ذاتی دلچسپی سے خادم اعلیٰ رورل روڈپروگرام تشکیل دیا گیا جس کے تحت 3 مراحل میں دیہات سے شہروں کو ملانے والی سڑکوں کو چوڑا کرنے اور انہیں کارپٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تا کہ نہ صرف یہ سڑکیں دیرپا ہوں بلکہ ان پر سفر بھی آسان رہے ۔

اس اہم قومی منصوبے کے پہلے مرحلے کیلئے صوبائی حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے کے فنڈز مختص کیے اور اس سال کے شروع میں اس پر کام کا آغاز ہوا جو کہ اب مکمل ہو چکا ہے ۔