موسمی فلو کی روک تھام کیلئے جنرل ہسپتال میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تربیت کا آغاز

اس بیماری سے بچاوٴ کیلئے طبی عملے کے ساتھ ساتھ میڈیا اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا،پروفیسر خالد محمود

منگل 19 جنوری 2016 22:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جنوری۔2016ء) پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ موسمی فلو ایچ ون این ون جسے سیزنل انفلوئنزا بھی کہتے ہیں کی روک تھام اور مریضوں کے بروقت علاج کے لیے پی جی ایم آئی ہیلتھ ایجوکیشن پروگرام کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی تربیت کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

ہسپتال میں ایچ ون این ون کے مریضوں کے علاج معالجہ کے لیے ڈینگی کی طرز پر ہنگامی بنیادوں پر تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور ایسے کسی مریض کی آمد پر فوری علاج یقینی بنانے کے لیے میڈیکل یونٹ 2کے سینئر رجسٹرار ڈاکٹر شیراز انجم کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے منگل کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پروفیسر ڈاکٹر تنویرالاسلام، شعبہ پلمونولوجی کے سربراہ ڈاکٹر جاوید اصغرمگسی، ایم ایس کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد، ڈاکٹر عرفان ملک اسسٹنٹ پروفیسر اور شعبہ پتھالوجی کے انچارج ڈاکٹر محمد آصف نے شرکت کی۔

پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ سیزنل فلو ایچ ون این ون کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے ڈینگی کی طرح عوام میں شعور اور آگہی پیدا کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیزنل فلو سے خوفزدہ ہونے کی بجائے حفاظتی تدابیر پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے طبی عملے کے ساتھ ساتھ میڈیا اور سول سوسائٹی کو بھی اپنا خصوصی کردار ادا کرنا ہوگا

متعلقہ عنوان :