وزیراعظم اور آرمی چیف نے دورہ سعودی عرب اور ایران میں جو موقف اپنایا وہ پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے

پاکستان علماء کونسل مشترکہ اعلامیہ کی مکمل تائید اور توثیق کرتی ہے، مولانا حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

منگل 19 جنوری 2016 22:44

کراچی ۔ 19جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔19 جنوری۔2016ء) پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین مولانا حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور آرمی چیف نے حالیہ دورہ سعودی عرب اور ایران میں جو موقف اپنایا ہے وہ پوری پاکستانی قوم کی ترجمانی ہے، پاکستان علماء کونسل اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے مشترکہ اعلامیہ کی مکمل تائید اور توثیق کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو جامعہ انوار العلوم کراچی میں پاکستان علماء کونسل کی جانب سے منعقدہ اجلاس اور پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی سیکریٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مولانا اللہ داد، قاری عبدالمنان، مولانا اسد ذکریا، مولانا سعد اللہ شفیق اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مولانا حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لئے تمام مکاتب فکر مذاہب، سیاسی و مذہبی جماعتوں کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ 10 فروری کو اسلام آباد میں پیغام اسلام کانفرنس میں 5 ہزار علماء و مشائخ شریک ہوں گے، کانفرنس میں انتہا پسندی، دہشت گردی، فرقہ ورانہ تشدد کے خلاف لائحہ عمل قوم کے سامنے لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام دشمن قوتیں ملت اسلامیہ کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں اور لیبیا، عراق، شام اور یمن کی تباہی کے بعد اب ان قوتوں کا ہدف پاکستان، سعودی عرب اور ترکی ہیں، لہذا مسلم امت کی قیادت کو باہمی اتحاد سے آپس کے معاملات درست کرنا چاہئے۔ مولانا حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ آپریشن سے کراچی میں امن بحال ہوا ہے، اگر کسی سیاسی جماعت یا گروہ کو کراچی آپریشن پر اعتراض ہے تو باہمی مفاہمت سے اس مسئلہ کو حل ہونا چاہئے۔