میڈیا اور اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقید حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نہایت ضروری او رمعاون ہے رانا ثناء اﷲ

واقعات کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے‘صوبائی وزیر

منگل 19 جنوری 2016 22:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثناء اﷲ خاں نے کہاہے کہ چند روز قبل ظہور پذیر ہونے والے چار واقعات جن میں ہاتھ کاٹنے، ہونٹ سینے ، ریپ کیس اور ڈکیتی مزاحمت پر خاتون کا قتل شامل ہیں،کی پیشہ وارانہ اور جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کی گئی ہے جس کے نتیجے میں رپورٹ ہونے والے چاروں واقعات کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آچکی ہے ، میڈیا اور اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقید حکومتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے نہایت ضروری او رمعاون ہے - وہ یہاں 90 شاہراہ قائداعظم میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے - اس موقع پر ترجمان حکومت پنجاب زعیم قادری، سیکرٹری انفارمیشن مومن آغا،آئی جی پنجاب ، ڈائریکٹر جنرل فرانزک لیب ڈاکٹر اشرف طاہر بھی موجود تھے - رانا ثناء اﷲ خاں نے کہاکہ مذکورہ چاروں واقعات کے حوالے سے میڈیا اور سوسائٹی میں تشویش پائی جاتی تھی اور یہ تاثر ابھر رہا تھا کہ شاید پنجاب کا امن و امان متاثر ہو رہاہے -رانا ثناء اﷲ خاں نے کہاکہ چاروں واقعات کی مسلمہ بین الاقوامی اصولوں پر کی گئی تفتیش نے دودھ کا دودھ او رپانی کا پانی کردیاہے - انہو ں نے کہاکہ ہاتھ کاٹے جانے اور ہونٹ سیئے جانے والے واقعات کی تفتیش آرپی او سرگودھا ذوالفقار حمید جبکہ لاہور ریپ کیس کی تفتیش آرپی او شیخوپورہ ابوبکر خدابحش اور سندر داس ڈکیتی واقعہ کی تفتیش ڈی آئی جی انوسٹی گیشن سلمان چوہدری نے کی -انہو ں نے کہاکہ فرانزک شواہد کے مطابق لاہور ریپ کیس میں لڑکی کے ساتھ ریپ ہوا ہی نہیں ، ننکانہ میں ہاتھ کٹ جانے والے شخص کا ہاتھ کسی نے نہیں کاٹا بلکہ اس کے ہاتھ چارہ کاٹتے وقت حادثاتی طور پر کٹے جبکہ سندر داس روڈ پر مبینہ ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والی خاتون کا قتل اس کے خاوند نے خود کیا اور سانگلہ ہل میں ہونٹ سیئے جانے والے واقعہ میں ملوث شخص کریمنل ریکارڈ یافتہ بھتہ خور ہے جس نے مبینہ لین دین کے معاملے کو چھپانے اور میڈیا کی توجہ و ہمدردی حاصل کرنے کے لئے اپنے ہونٹ سلوائے-وزیر قانون نے کہاکہ مذکورہ چاروں واقعات میں وزیراعلی اور آئی جی پنجاب نے خصوصی دلچسپی لی جس سے واقعات کے محرکات اور حقائق عوام کے سامنے لائے جاسکے -

متعلقہ عنوان :